• news

ادب کا نوبل انعام فرانسیسی مصنف پیتریک مودیانو کو مل گیا

لندن (بی بی سی اردو) فرانسیسی مصنف پیتریک مودیانو 2014 کے ادب کے نوبل انعام کے حق دار قرار پائے ہیں۔ یہ ایوارڈ زندہ ادیبوں کو دیا جاتا ہے اور اس کی مالیت تقریباً 11 لاکھ ڈالر ہے۔ اس سے پہلے یہ انعام جیتنے والوں میں رڈیرڈ کِپلنگ، ٹونی موریسن اور ارنسٹ ہیمنگ وے شامل ہیں۔ مودیانو کی اکثر تحریریں دوسری جنگِ عظیم اور 1940 کی دہائی پر لکھی گئی ہیں۔ ان کا پہلا ناول 1968 میں شائع ہوا تھا۔ ان کے ناول ’مسنگ پرسن‘ کو بہت پذیرائی ملی اور 1978 میں انہیں فرانسیسی ادب کے ایوارڈ پری گونکور سے نوازا گیا۔ انکا پہلا ناول ’’ستاروں کا مقام‘‘ تھا جس میں یہودیوں پر مظالم بیان کیے گئے تھے۔ ان کے ناولوں کا دنیا کی 30زبانوں میں ترجمہ کیا گیا ہے۔سنہ 2012 میں انہیں آسٹرین سٹیٹ پرائز فار یوریپئن لٹریچر دیا گیا۔ مودیانو پیرس میں رہتے ہیں اور بہت کم انٹرویو دیتے ہیں۔ نوبیل اکیڈمی نے کہا کہ وہ ایوارڈ کا اعلان کرنے سے پہلے مودیانو کو یہ خبر نہیں سنا پائی تھی۔1901 سے لے کر 2014 تک کل 111 افراد ادب کا نوبل انعام حاصل کر چکے ہیں۔ گذشتہ برس یہ ایوارڈ کینیڈا کی افسانہ نگار ایلس منرو کو دیا گیا تھا۔69 سالہ مودیانو نے اس کامیابی کو قدرے غیر حقیقی قرار دیااور اسے اپنے پوتے کے نام کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن