عمران، طاہر القادری سے پہلے وزیراعظم سے ملاقات کرینگے: سیاسی جرگہ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نیشن رپورٹ) امیر جماعت اسلامی اور سیاسی اپوزیشن جرگے کے رہنما سراج الحق نے کہا ہے کہ عمران اور طاہر القادری سے ملاقات کریں گے، عید سے پہلے کہا تھا تمام سیاسی قائدین سے ملاقاتیں کریں گے۔ اپوزیشن جرگے کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا طاہر القادری اور عمران خان کے ساتھ ملاقات سے پہلے وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔ نظام کی اصلاح کیلئے آئینی راستہ اختیار کیا جائے۔ معاملات کو خراب ہونے سے بچانے کیلئے ایک حد تک کامیاب ہوچکے ہیں، سیاسی جرگے کا کام مذاکرات میں تنائو ختم کرنا تھا، نعشیں گرنے اور مارشل لاء لگنے کا خطرہ ختم ہوگیا ہے۔ طاہر القادری کا پارلیمنٹ میں جانے کا بیان انتہائی مثبت ہے۔ رحمن ملک نے کہا جرگے نے سب سے پہلے تمام فریقین پر دبائو کم کرایا۔ تحریک انصاف کے کچھ رہنمائوں نے میڈیا پر بھی کہا وہ مذاکرات چاہتے ہیں، مذاکرات میں وقفہ آیا تھا مگر دوبارہ فریقین کے ساتھ رابطے میں آگئے۔ دونوں جماعتوں نے خواہش ظاہر کی ہے کہ مذاکرات کی میز پر آئیں۔ پاکستان اب بھارتی جارحیت برداشت نہیں کرے گا۔دی نیشن کے مطابق سیاسی جرگہ کے ارکان ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے پُراعتماد ہیں اور انہیں امید ہے کہ وہ قوم کو جلد اچھی خبر دیں گے۔