18 اکتوبر کو بلاول اپنی والدہ کے زیراستعمال بم پروف ٹرک سے خطاب کرینگے‘راولپنڈی اور لاہور سے کارکن لے جانے کے لئے 2 ٹرینوں کی منظوری
کراچی+ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+خصوصی رپورٹر) پیپلزپارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری 18 اکتوبر کے جلسے میں بم پروف ٹرک سے خطاب کریں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق اس روز بینظیر بھٹو کے زیراستعمال بم پروف ٹرک کا استعمال کیا جائے گا۔ سانحہ کارساز میں تباہ ہونے والے اس بم پروف ٹرک کی مرمت اور درستگی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری کے 18 اکتوبر کو مزار قائد پر جلسہ عام میں پنجاب سے پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو راولپنڈی اور لاہور سے کراچی لے جانے کے لئے پیپلز پارٹی کی دو خصوصی ٹرینیں چلائے جانے کی درخواست ریلوے نے منظور کر لی ہے تاہم انہیں دونوں ٹرینوں کے لئے 55 لاکھ روپے کرایہ ادا کرنا ہو گا۔ ایڈوانس کرایہ 15 اکتوبر تک جمع کروانا ہو گا جبکہ راولپنڈی سے 10 بوگی کی ٹرین 17 اکتوبر کو صبح ساڑھے سات بجے روانہ ہو گی تاہم مزید 5 بوگیاں لالہ موسیٰ سے لگائی جائیں گی۔ لاہور سے کراچی کے لئے بھی 17 اکتوبر ہی کو دوپہر ایک بجے ٹرین روانہ ہو گی دونوں ٹرینیں 18 اکتوبر کو کراچی پہنچیں گی اور اگلے روز 19 اکتوبر کو واپس لاہور اور راولپنڈی کے لئے روانہ ہوں گی۔ پاکستان ریلوے کے ترجمان نے ’’نوائے وقت‘‘ کو بتایا ہے کہ دونوں خصوصی ٹرینوں کے لئے دوطرفہ کرایہ 55 لاکھ روپے لیا جا رہا ہے۔ خصوصی ٹرینوں کے چلائے جانے کی مشروط اجازت دی گئی ہے۔ 15 اکتوبر تک ایڈوانس کرایہ 55 لاکھ روپے جمع نہ کروائے جانے کی صورت میں اجازت نامہ منسوخ تصور کیا جائے گا۔
ٹرینوں کی منظوری