لطیف کھوسہ اور رحمان ملک کے درمیان رقابت، زرداری کو بھی علم ہو گیا
لاہور (مبشر حسن/ دی نیشن رپورٹ) بلاول ہائوس لاہور میں پارٹی کے بند کمرے میں ہونے والے اجلاس میں آصف علی زرداری کو سیکرٹری جنرل سردار لطیف خان کھوسہ اور سیینیٹر رحمان ملک کے درمیان پائی جانے والی رقابت کا علم ہوا۔ ایک عینی شاہد کے مطابق پی پی پی کے کچھ لوگ پارٹی امور پر بات کر رہے تھے تو سردار لطیف کھوسہ نے موقع غنیمت جان کر رحمان ملک کے ساتھ لائٹ موڈ میں کچھ پوائنٹس سکور کیے۔ کھوسہ نے زرداری کے سامنے کہا کہ وہ اکثر حساس موضوعات پر نامناسب بیانات داغ دیتے ہیں اس لیے وہ اس سیاسی کردار کیلئے موزوں نہیں جو انہیں سونپا گیا ہے۔ اس موقع پر زرداری نے مذاقاً کہا کھوسہ صاحب لگتا ہے آپ کا رحمان ملک سے مقابلہ ہے۔ اگلے وزیرداخلہ بننا چاہتے ہیں۔ کھوسہ نے مسکراہٹ کے ساتھ کہا جناب ایسا نہیں یہ میرے کلائنٹ ہیں اور میں ان کے ساتھ ہوں۔ اس موقع پر شیری رحمان نے کہا کہ میرے خیال میں وہ اب وزارت داخلہ مزید نہیں چاہتے ہیں۔ کھوسہ نے کہا اب وہ صدارتی امیدار ہونگے اس پر زرداری مسکرا دیئے اور دوسرے امور پر توجہ دی۔ واضح رہے کہ رحمان ملک کے بارے میں دوسرے سینئر رہنما بھی اکثر حسد کا مظاہرہ کرتے ہیں مگر انہیں زرداری کا اعتماد حاصل ہے۔