• news

بھارتی جارحیت نہ رکی تو واہگہ، کشمیر بارڈر بند کر دینگے: کسان محاذ، انجمن تاجران ایکشن کمیٹی

لاہور (کامرس رپورٹر) متحدہ کسان محاذ اور انجمن تاجران ایکشن کمیٹی کے زیراہتمام  بھارت کی آبی جارحیت و دہشت گردی اور ورکنگ بانڈری پر بھارت کی وحشیانہ فائرنگ کے موضوع پر کانفرنس میں مشترکہ اعلامیہ میں کہا ہے کہ بھارت آ بی جارحیت بند کرے بصورت دیگر پاکستان کے کسان، تاجر، وکلائ، طلبہ، پاک فوج کے ریٹائرڈ افسر پاکستان  بھارت واہگہ بارڈر اور کشمیر باڈر بندکر دینگے اور کسی قسم کی تجارت نہیں ہونے دینگے اور تمام حالات کی ذمہ داری بھارت پر ہو گی۔ کانفرنس میں جنرل (ر) صبیح الدین، ایڈمرل (ر) طیب ڈوگر، بریگیڈیئر (ر) یعسوب ڈوگر، بریگیڈئر (ر) اسلم گھمن، بریگیڈئر (ر)  نادر میر، بریگیڈئر (ر) فاروق الحمید، ایوب خان میو ، تاجر رہنما شاہد بلال، متعدد کسان، وکلاء اور طلبہ رہنمائوں نے خطاب کیا۔ انہوں نے مشترکہ طور پر حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ  حکومت پاکستان بھارتی سفیر کو دفتر خارجہ میں بلا کر ناپسندیدہ ملک کا احتجاجی مراسلہ دے۔ چاروں صوبائی اسمبلیوں، سینٹ  اور قومی اسمبلی میں بھارت کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کرکے مشترکہ طور پر بھارت کے مذموم ارادوں کے خلاف پوری قوم کو یکجا کیا جائے۔ اس بات کا فیصلہ کیا جائے کہ حکومت پاکستان پاکستانی عوام کے مفادات کا تحفظ کر یگی یا بھارتی اور امریکی، آئی ایم ایف، ورلڈ بینک کی پالیسیوں کو نافذ کرکے پاکستان کی زرعی و صنعتی معیشت کو تباہ برباد کریگی۔ کانفرنس میں حاضرین نے بھارت کی جانب سے سیالکوٹ کے بارڈر پر وحشیانہ فائرنگ پر پاکستان حکومت کی جانب مذمت نہ کئے جانے پر کانفرنس میں  گو نواز گو کے نعرے لگائے۔ جنرل (ر) صبیح الدین نے کہا کہ پاکستان میں مسائل  بہت زیادہ ہیں اور ان میں اصافہ ہو رہا ہے، ہمارے دشمنوں کی فہرست لمبی ہوتی جا رہی ہے۔ ایڈمرل (ر) طیب ڈوگر نے کہا کہ بھارت ہمارا دشمن نمبر ایک ملک ہے اس میں کوئی شک نہیں ہونا چاہئے۔ بریگیڈیئر (ر) یعسوب ڈوگر نے کہا کہ بھارت 1948سے ابتک ہمارے خلاف جارحیت کر رہا ہے اور  ہم اس کے خلاف کارروائی نہیں کر رہے۔ بریگیڈئر(ر)  نادر میر نے کہا کہ پاکستان کو دو مسائل کا سامنا ہے پاکستان کے باہر بھارت ہمارا دشمن ہے اور ملک کے اندر ایلیٹ کلاس ہے جو پاکستان کی نمائندگی نہیں کرتی بلکہ لوٹتی ہے۔
کانفرنس

ای پیپر-دی نیشن