کراچی: فائرنگ، تشدد سے 3 سالہ بچے، پولیس اہلکار سمیت 7 جاں بحق
کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی میں جمعرات کو تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں کمسن بچے اور پولیس اہلکار سمیت 7 افراد جاں بحق اور ایک نوجوان زخمی ہو گیا۔ اورنگی ٹائون کے علاقے میں کٹی پہاڑی کے نزدیک موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے پولیس اہلکار 50 سالہ حیدر بھٹی کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ ناظم آباد تھانے میں تعینات تھا۔ قبل ازیں سہراب گوٹھ کے علاقے ایوب گوٹھ میں نامعلوم افراد نے ایک شخص 55 سالہ گدا حسین کو سر پر وزنی چیز مار کر ہلاک کر دیا۔ کلاکوٹ کے علاقے میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 35 سالہ شخص ہلاک ہو گیا اور لانڈھی کے علاقے مجید کالونی میں زیر زمین پانی کے ٹینک سے ایک شخص کی کئی دن پرانی لاش ملی جس کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی۔ ادھر ملیر کے علاقے بکرا پیڑی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نوجوان سجاد علی زخمی ہو گیا۔ اس کے علاوہ سائٹ کے علاقے میٹروول کے ربانی محلے میں کمسن بچہ 3 سالہ سلمان ولد شاہد نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔ جبکہ نادرن بائی پاس کے قریب سے دو افراد کی ہاتھ پائوں بندھی لاشیں ملیں جنہیں تشدد اور فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت غائب اللہ اور شمیم العارفین کے نام سے ہوئی۔