• news

زرداری ازخود پارٹی پالیسیوں سے علیحدہ ہو جائیں تو انکے حق میں بہتر ہو گا: ناہید خان

بہاول پور(خبرنگار) آصف زرداری ازخود باعزت طریقے سے پارٹی کی پالیسیوں سے علیحدگی اختیار کر لیں تو یہ ان کے حق میں بہتر ہوگا، بلاول ہمارے بچوں کی طرح ہے اور اس کے لئے دعائیں ہیں لیکن فیصلہ کرنا ہو گا کہ بھٹو کے ویژن پر چلنا ہے یا گزشہ سات سال کا گند اٹھا کر آگے بڑھنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی کی رہنما ناہید خان نے بہاولپور میں چوک شہزادی بہاول پور میں کلیم اللہ گبول ایڈوکیٹ کی رہائشگاہ پر ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ناہید خان نے کہا کہ ایوانوں میں بیٹھے لوگوں کا پاکستان پیپلز پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے، پارٹی کے اصل وارث گلی محلوں میں موجود ہیں۔ بغاوت کسی شخصیت کے خلاف نہیں بلکہ اس سسٹم کے خلاف ہے جس نے پارٹی کو صرف سندھ تک محدود کر کے رکھ دیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما صفدر علی خان عباسی نے کہا کہ ہمارے ہوتے ہوئے پی پی پی ایک جماعت نہیں ایک ادارہ بنے گی اورہم ورکرز کے ساتھ مل کر بھٹوازم کی تکمیل کریں گے۔ بینظیر کی شہادت کے بعد پارٹی میں قیادت کا فقدان رہا ہے جبکہ پارٹی کے اندر تبدیلی کی ضرورت ہے۔ بلاول کی معافی اس وقت تک کارگر نہیں ہو گی جب تک ہم یہ فیصلہ نہ کر لیں کہ ہم پہلے صحیح تھے یا اب صحیح ہیں۔ بینظیر نے اپنے نظریات کی بدولت پارٹی کی قیادت کے لئے اپنے آپ کو اہل بنایا تھا، بلاول کو بھی ثابت کرنے کی ضرورت ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن