عمران کے لاڑکانہ میں جلسے سے پیپلز پارٹی کو مسئلہ نہیں: قمر زمان کائرہ
لاہور (اے این این + نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ عمران خان کے لاڑکانہ میں جلسے سے پیپلزپارٹی کو کوئی مسئلہ نہیں، پورا ملک ہر سیاستدان کے جلسے، جلوسوں کیلئے کھلا ہے، پارلیمنٹ میں سیاسی جماعتوں کا اتحاد عمران خان اور طاہر القادری کے عزائم کیخلاف تھا اسی لئے دونوں کو تکلیف دہ لگ رہا ہے۔ انہوں نے کہا عمران خان کی جانب سے 21 نومبر کولاڑکانہ میں جلسہ کرنے کا اعلان پیپلزپارٹی کیلئے پریشانی کاباعث نہیں۔ پیپلز پارٹی نے جلسے جلوسوں میں نہ پہلے رکاوٹ ڈالی ہے نہ آئندہ ڈالیں گے۔ ہم صرف اپنے لیے نہیں باقیوں کیلئے بھی آزادی مانگتے ہیں۔ عمران خان کے لاہور سے اسلام آباد جانے اور ریڈ زون داخلے کی بھی ہم نے حمایت کی تھی۔ عمران کے جلسے کو سندھ حکومت سکیورٹی فراہم کرے گی۔ انکا پیپلز پارٹی پر مک مکا کی سیاست کا الزام لگاتے ہیں جو بلا جواز ہے۔ آصف زرداری اور بے نظیر بھٹو کے کئی کیسز نواز شریف کے دور میں بنائے گئے۔
قمر زمان کائرہ