• news

سرحدی کشیدگی جلد ختم ہو جائیگی‘ نئی بھارتی حکومت کیساتھ کام کرنے پر تیار ہیں : اسحاق ڈار

اسلام آباد + واشنگٹن (نمائندہ خصوصی+آن لائن) وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے امریکہ کے نائب وزیر خارجہ سم جے برن اور آئی  ایم سی کے ایگزیکٹو نائب صدر جس یونگ چائی نے واشنگٹن میں ملاقاتیں کیں۔ امریکی نائب وزیر خارجہ نے وزیر خزانہ سے گفتگو کرتے ہوئے ملک کی معیشت میں استحکام لانے پر حکومت پاکستان کی تعریف کی۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن اس کا مظہر ہے انہوں نے افغانستان میں اقتدار کی پرامن منتقلی میں پاکستان کے مثبت کردار کو بھی سراہا‘ انہوں نے کہا کہ امریکی توانائی اور معیشت سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کی مدد جاری رکھے گا۔ ملاقات میں مختلف شعبوں میں پاکستان امریکہ سرٹیجک ڈائیلاگ کے تحت دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا‘ ملاقات میں پاکستان امریکہ سائنس کے حوالے سے ورکنگ گروپ قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا‘ وزیر خزانہ نے  بھارتی سکیورٹی فورسز کی طرف سے بلا اشتعال فائرنگ اور خلاف ورزیوں کے واقعات پر پاکستان کی تشویش سے آگاہ کیا ۔وزیر خزانہ نے امریکی نائب وزیر  خارجہ کو حالیہ سیلاب اور آپریشن سے  متاثرہ افراد کی بحالی کے اقدامات کے بارے میں بتایا‘ انہوں نے کہا کہ متاثرین کی بحالی کے بارے میں منصوبے سے جلد بین الاقوامی برادری کو آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے معاشی اہداف کے حصول کے لئے امریکی امداد کا شکریہ ادا کیا۔  وزیر خزانہ نے آئی ایف سی کو دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر میں حصہ لینے کی دعوت دی‘ جن  یونگ چائی نے کہا کہ منصوبے کی رسک پروفائیلانگ کرائی جائے گی اور اس سے پاکستان کو آگاہ کیا جائے گا۔قبل ازیں امریکی تھنک ٹینک سے خطاب کرتے ہوئے  اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان بھارت ورکنگ بائونڈری اور کنٹرول لائن پر جاری کشیدگی جلد ختم ہو جائے گی۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر سمیت تمام تنازعات پر امن طور پر حل ہونے چاہئیں تاکہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات متاثر نہ ہوں۔  مسئلہ کشمیراقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کی نئی حکومت کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہے، پاکستان بھارت تعلقات سے خطے میں اقتصادی دور کا آغاز ہوگا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ  ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی جارحیت پر امریکہ کو تشویش ہے۔ امریکہ نے بھارت کی اشتعال انگیزی پر پاکستان کے صبر و تحمل کو سراہا ہے۔واشنگٹن سے نمائندہ خصوصی کے مطابق اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے دھرنے حکومت کو عدم استحکام کا شکار کرنے میں ناکام رہے تاہم اس سے ترقی کی راہ میں ضرور رکاوٹ پیدا ہوئی ہے۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی میں خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتیں لوگوں کو ساتھ ملانے میں کامیاب نہیں ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ طاہر القادری نے امام خمینی بننے کا خواب دیکھا جو ناکام رہا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن