• news

پی آئی اے اور پالپا کے مذاکرات ناکام‘ ذرائع: معاملات طے پا گئے: چیئرمین ائر لائنز

 لاہور +کراچی (خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ؍ نیوز رپورٹر) پی آئی اے اور پالپا انتظامیہ کے مذاکرات ناکام ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق پالپا نے احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا  ہے۔ پالپا بین الاقوامی پروازوں پر ٹی اے ڈی اے نہ دینے پر احتجاج کر رہی ہے۔ دوسری جانب چیئرمین پی آئی اے نے کہا پائلٹوں اور انتظامیہ کے درمیان معاوضے سے متعلق تمام معاملات طے پا گئے ہیں اب کوئی پائلٹ ہڑتال پر نہیں ہے۔ پائلٹس کے ایک اعشاریہ آٹھ ملین ڈالرز ادا کرنے تھے طے پایا ہے رواں ماہ اکتوبر میں 3 اقساط 13 اکتوبر18 اکتوبر اور 31 اکتوبر کو ادا کر دی جائیں گی۔ انتظامیہ اور پالپا  کے درمیان تنازع میں قومی ایئر لائن کے مسافر رُل گئے اور ایئر پورٹ پر گو نواز گو کے نعروں کی گونج سنائی دی۔  تنازع کی وجہ سے  کئی اندرون ملک اور بیرون ملک پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔ لاہور سے نیویارک جانیوالی پرواز پی کے 711 مقررہ وقت پر روانہ نہ ہو سکی حتیٰ کہ 13 گھنٹے تاخیر کے بعد اسے منسوخ کر دیا گیا۔ لاہور سے لندن جانے والی پرواز پی کے 757 اور لاہور سے دوبئی جانے والی پرواز پی کے 203، لاہور سے بارسلونا جانے والی پرواز پی کے 795 بھی منسوخ کر دی گئیں۔ پروازوں کی منسوخی سے حجاج کرام بھی بری طرح متاثر ہوئے۔

ای پیپر-دی نیشن