کراچی جلسہ: زرداری نے پنجاب سے کارکن لانے کیلئے پارٹی عہدیداروں کو ٹاسک دیدیا
لاہور (فرخ سعید خواجہ) سابق صدر زرداری نے پنجاب سے پارٹی عہدیداران‘ ممبران قومی و صوبائی اسمبلی‘ سابق ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈروں کو 18 اکتوبر کے جلسہ عام کراچی میں پارٹی کارکنوں کو لے جانے کا ٹاسک دیدیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ زرداری نے پارٹی کی صوبائی‘ ضلعی اور تحصیل کی سطح کے سرگرم اور بااثر کارکنوں کو بھی اس کام میں حصہ ڈالنے کی ہدایت کی ہے۔ پنجاب سے دو خصوصی ٹرینوں میں لگ بھگ تین ہزار افراد اور بسوں‘ ویگنوں گاڑیوں کے ذریعے دو ہزار افراد کو کراچی جلسے میں شرکت کیلئے لے جایا جائیگا۔ راولپنڈی سے 10 بوگیوں پر مشتمل ٹرین میں 800 افراد کی گنجائش ہے جبکہ لالہ موسیٰ سے مزید 5 بوگیاں اس ٹرین میں لگائی جائیں گی جن میں 500 افراد کی گنجائش ہے تاہم ٹرین میں ان 1300 ہی نہیں بلکہ مزید دو تین سو جیالے بھی سفر کرسکیں گے۔ یہی صورتحال لاہور سے کراچی جانے والی خصوصی ٹرین کی ہوگی جس کی 15 بوگیاں ہیں جن میں 1300 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے تاہم مزید جیالے بھی انکے شریک سفر ہوجائیں گے۔ پارٹی کے ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ جلسہ عام میں اصل افرادی قوت کراچی‘ حیدر آباد‘ سکھر اور اندرون سندھ سے پہنچے گی۔ امکان ہے کہ کراچی کا پیپلز پارٹی کا جلسہ تعداد کے لحاظ سے مثالی ہوگا۔