• news

نریندر مودی نے پاکستان کو ’’سبق سکھانے‘‘ کیلئے بھارتی فوج کو فری ہینڈ دے دیا:بھارتی میڈیا

نئی دہلی (آئی این پی) بھارتی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کو ’’سبق‘‘ سکھانے کے لئے نہ صرف کشمیر اور سیالکوٹ بائونڈری پر بھارتی افواج کو فری ہینڈ  دیا  بلکہ عسکری کمانڈرز کو مد مقابل فوجی کمانڈرز سے فلیگ میٹنگز کرنے سے بھی منع کیا گیا۔ ہفتہ کو ایک بھارتی جریدے نے  بھارتی حکومت اور فوج کی  پاکستان کے خلاف جنگی حکمت عملی کے بارے میں انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ بھارتی سکیورٹی فورسز کو پاکستانی علاقوں پر بھرپور فائرنگ اور گولہ باری کے احکامات دیئے گئے تھے جس کے بعد پاکستانی سرحدی دیہات اور عسکری پوسٹوں کو بھارتی افواج کی جانب سے مسلسل نشانہ بنایا جا  رہا ہے۔ ایک بھارتی صحافی کے مطابق بی ایس ایف اور فوج کی آرٹلری کو پابند کردیا گیا ہے کہ ہر اس پاکستانی پوسٹ پر سینکڑوں گولیاں اور گولے داغے جائیں جہاں سے ایک جوابی فائر بھی بھارت کی جانب آ رہا ہو۔ بھارتی تجزیہ نگاروں کے مطابق چونکہ پاکستانی افواج اس وقت شمالی وزیرستان آپریشن میں مصروف ہے لہٰذا اسے سرحدی تنازعات میں الجھانے کا یہ بہترین موقع ہے تاکہ آپریشن ضرب عضب متاثر ہو اور پاک فوج کا مورال ڈائون ہوجائے۔ سیکرٹری بارڈر مینجمنٹ شاہ نلیتا کمار نے تسلیم کیا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ وزیراعظم مودی نے افواج کو کارروائیوں کے واضح احکامات دیئے ہیں اور سیزفائر سے بھی منع کردیا ہے۔ بھارتی جریدے نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی افواج کو کئی ماہ قبل اس وقت پاکستان کے خلاف عسکری کارروائیوں کی پلاننگ کے احکامات دیئے گئے تھے جب دو لاکھ سے زیادہ پاکستانی فوج نے شمالی وزیرستان میں طالبان کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن