ملالہ پاکستان کیلئے امید کی کرن ہیں: بلاول مبارکبادوں کا سلسلہ جاری امریکی اخبار نے آئرن لیڈی قرار دیدیا
لندن (نیٹ نیوز+ ایجنسیاں) ملالہ یوسفزئی کے نام مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔ یورپی یونین نے ملالہ اور کیلاش کو نوبل انعام ملنے پر مبارکباد دی ہے۔ یورپی یونین کمشن کے صدر جوزمینوئل اور یورپی کونسل کے صدر مرمائن وین رومیوا نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ دونوں سماجی کارکنوں کو یہ انعام تعلیم اور بچوں کے حقوق کیلئے انکے کام کا اعتراف اور خراج تحسین ہے۔ پاکستان کی بیٹی نے تعلیم کے فروغ کیلئے جو کام کیا وہ اس نوبل انعام کی حقدار تھیں۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے ملالہ یوسف زئی اور کیلاش ستیارتھی کو امن کا نوبل پرائز دئیے جانے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’اس پذیرائی سے خواتین اور بچوں کی آگہی، بہبود کی کوششوں اور ترقی کیلئے کی جانیوالی کوششوں کو مدد ملے گی۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ملالہ انتہائی باہمت اور حوصلہ مند بچی ہے۔ انگلش سپر ماڈل نومی کیمبل انجانے میں اس وقت ملیریا کیخلاف مہم چلا بیٹھیں جب وہ نوبل انعام جیتنے والی کم عمر ترین ملالہ یوسف زئی کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں ’’ملیریا‘‘ لکھ بیٹھیں۔ انکے ٹویٹ کے کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود ابھی تک کیمبل نے اپنی غلطی درست نہیں کی اور سوشل میڈیا پر انکا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے پاکستان سے متعلق اداروں نے ملالہ یوسف زئی کے نام کی امن کے عالمی نوبل انعام کیلئے اعلان پر خوشی اور مسرت کا اظہار کیا ہے۔ اقوام متحدہ پاکستان کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر اور ہومینیٹرین کوارڈنیٹر ٹمو پکالہ نے کہا ہے کہ وہ ملالہ یوسف زئی کوتعلیم، جنسی برابری جیسی آفاقی اقدار کے فروغ کیلئے انکی انتھک کوششوں اور حوصلہ پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ اپنی بہن ملالہ یوسف زئی سے فون پر بات کی اور انہیں نوبل نعام جیتنے پر مبارکباد دی۔ ملالہ نے یقین دلایا کہ وہ پاکستانی بچوں کیلئے کردار ادا کرتی رہے گی۔ ملالہ نے یقین دلایا کہ وہ سندھ میں بچوں کے لئے کام کریں گی۔ ملالہ پاکستان کیلئے امید کی کرن ہیں۔ برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر سید ابن عباس نے کہا ہے کہ ملالہ یوسف زئی کو امن کا نوبل نعام ملنا پاکستانی قوم کیلئے باعث فخر ہے۔ ہالی وڈ میں بھی ملالہ یوسف زئی کو امن نوبل انعام ملنے کی دھوم مچی ہوئی ہے۔ امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر بیورلی ہلز میں طاقتور خواتین کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کے ریڈ کارپٹ پر ہالی وڈ کے جھل مل کرتے ستاروں نے ملالہ یوسف زئی کی تعلیم ا ور امن کے لئے خدمات کا اعتراف کیا۔ کینیڈین وزیراعظم نے کہا ہے کہ ملالہ 22 اکتوبر کو شہریت وصول کریں گی۔ امریکی میڈیا نے ملالہ یوسف زئی کو ’’آئرن لیڈی‘‘ قرار دیا ہے۔ ملالہ یوسفزئی اور ان کے والدین نے اے این پی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین کو فون کر کے خیرسگالی کا پیغام دینے پر شکریہ ادا کیا ہے۔ ملالہ کے والد اور والدہ نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے آج ان کی بیٹی نے ملک کا نام روشن کیا۔ ضیاء الدین یوسفزئی نے کہا کہ میرے لئے یہ بڑا اعزاز ہے۔