سرحدی کشیدگی سیاسی، سفارتی مسئلہ ہے، وزرائے اعظم کو سٹاک ہوم بلانا مناسب نہیں: ستیارتھی
نئی دہلی(آئی این پی) ملالہ یوسفزئی کے ساتھ نوبل انعام لینے والے بھارتی کیلاش ستیارتھی نے ملالہ کی امن کی خواہش پر پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم کو نوبل انعام لینے کے موقع پر سٹاک ہوم آنے کی دعوت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سرحدی کشیدگی سیاسی اور سفارتی مسئلہ ہے۔ بھارتی ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق کیلاش ستیارتھی نے گفتگو میں بتایا کہ نوبل انعام کی وصولی کے موقع پر سٹاک ہوم میں منعقد ہونے والی تقریب کی وصولی کے موقع پر سٹاک ہوم میں منعقد ہونے والی تقریب پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم کو بلانے کیلئے موزوں وقت اور مقام نہیں۔ میں اپنی حدود جانتا ہوں۔ ملالہ کی پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم کو دسمبر میں سٹاک ہوم میں بلانے کی درخواست مکمل طور پر سیاسی اور سفارتی ہے۔ میں ایسا شخص نہیں کہ وزیراعظم نریندر مودی اور نواز شریف کو دعوت دوں کہ وہ نوبل انعام کی تقریب میں شرکت کریں۔ دریں اثناء کیلاش ستیارتھی نے ملالہ یوسف زئی سے کہا ہے کہ ہمیں پاکستان اور بھارت میں امن کیلئے کام کرنا چاہئے۔ کیلاش ستیارتھی نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے ملالہ یوسف زئی کیساتھ ٹیلیفون پر بات کی۔ ملالہ نے میری سوچ کو سراہا ہے، ملالہ اور میں نے بچوں کے حقوق کیلئے بھی ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔