• news

بلاول اگلے وزیراعظم ہونگے‘ دھرنے ختم ہوجاتے تو ملتان سانحہ پیش نہ آتا: رحمن ملک

لاہور (آئی این پی) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کے اگلے وزیراعظم بلاول بھٹو زرداری ہوں گے۔ پیپلز پارٹی کی سیاست کا محور عوام ہیں۔ ہفتہ کو لاہور ائرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فوج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ وزیر داخلہ چودھری نثار کے بھارتی جارحیت کا جواب دینے کے حوالے سے بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ دونوں ممالک میں کشیدگی سے خطے کو نقصان ہوگا۔ عالمی برادری کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے 13 پاکستانیوں کی شہادت کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا ملتان کا سانحہ انتہائی افسوسناک ہے‘ اس واقعہ کی عدالتی تحقیقات کرائی جائیں اور عمران خان سے بھی اپیل ہے کہ واقعہ کی پارٹی کے اندر بھی تحقیقات کرائیں۔ اس بات کی تفتیش ہونی چاہئے کہ ملتان واقعہ میں حکومت کی غفلت تھی یا تحریک انصاف کی کوتاہی کی وجہ سے یہ واقعہ ہوا۔ آصف زرداری بھی وسط مدتی انتخابات کی حمایت نہیں کرتے۔ ہم چاہتے ہیں نوازشریف حکومت مدت پوری کرے۔ جب بھی انتخابات ہوں گے تو لوگ دیکھ لیں گے پیپلز پارٹی کتنی اکثریت حاصل کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو ملکر کام کرنا چاہئے۔ الطاف حسین اچھے انسان ہیں وہ معاملے کو ٹھنڈا رکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا ایسا لگتا ہے تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے صدر دفاتر اسلام آباد کے موجود کنٹینرز ہیں اور اب مستقبل میں ہمیں کنٹینرز فورس بنانا پڑیگی، اگر دھرنے ختم ہوجاتے تو ملتان میں 8 افراد کی ہلاکت کا سانحہ پیش نہ آتا۔
رحمن ملک

ای پیپر-دی نیشن