بھارت کو مضبوط پیغام دینا چاہئے‘ وزیراعظم اے پی سی بلائیں: حافظ سعید
لاہور (سپیشل رپورٹر) امیر جماعۃ الدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ کنٹرول لائن پر جارحیت بھارت کی جانب سے کھلا اعلان جنگ ہے اس پر کسی صورت خاموشی اختیار نہیں کرنی چاہیے۔ امریکہ و بھارت پاکستان کو دبائو میں لا کر اپنے مذمو م منصوبے مکمل کرنا چاہتے ہیں۔ مضبوط پیغام نہ دیا گیا تو بھارت جارحیت سے باز نہیں آئیگا۔ کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کے حوالے سے وزیراعظم تمام جماعتوں کی اے پی سی بلائیں۔ حکومت، فوج اور عوام سیسہ پلائی دیوار بن کر پاکستان کے دفاع کا فریضہ سرانجام دیں۔ ہم ملک کے کونے کونے میں جا کر بھارتی جارحیت کیخلاف قوم کو متحد و بیدار کریں گے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکہ اپنی شکست چھپانے کیلئے نئے پروگرام تشکیل دے رہا ہے اور افغانستان میں اپنی فوج کی جگہ بھارت کی فوج کو بٹھایا جا رہا ہے۔ امریکہ کی جانب سے دس ہزار فوج رکھنے کا اعلان کوئی حیثیت نہیں رکھتا، جب اتنی بڑی فوج وہاں نہیں ٹھہر سکی تو دس ہزار کی کیا حیثیت ہے؟ اصل حقیقت یہ ہے کہ امریکہ و بھارت مشرقی پاکستان کی علیحدگی کے بعد باقیماندہ پاکستان کو بھی سخت نقصانات سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے کنٹرول لائن پر مسلسل فائرنگ انتہائی تشویشناک ہے، اسکے پیچھے انڈیا اور امریکہ کی خوفناک منصوبہ بندی ہے۔ باہمی اختلافات ختم کر کے پوری قوم کو دفاع کیلئے تیار کرنا چاہیے۔ جب قوم تیار ہوتی ہے تو بھارت جیسے دشمن کو 1965ء کی طرح منہ کی کھانا پڑتی ہے۔ بھارت کی طرف سے مشرقی بارڈر پر مسلسل فائرنگ اور امریکی ڈرون حملے ملی بھگت کا نتیجہ ہیں۔
حافظ سعید