انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے منتخب وزیراعظم سے کوئی استعفی نہیں مانگ سکتا : پرویز رشید
اسلام آباد(آن لائن )وفاقی وزیراطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کو عوام نے منتحب کیا ہے اور کوئی ان سے استعفیٰ نہیں مانگ سکتا‘ انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہی ہوں گے، عمران خان کئی مسائل پر بلامقصد راگ الاپ رہے ہیں اور ان کی تقاریر سے پتہ چلتا ہے کہ وہ ذہنی طور پر الجھے ہوئے ہیں اور انہیں کچھ پتہ نہیں کہ انہوں نے کب کیا بات کہنی ہے۔ اپنے ایک بیان میں عمران خان کے ملتان میں انتخابی جلسہ پر جوابی ردعمل میں وزیر اطلاعات و نشریات نے کہاکہ عمران خان کے حساس غیر ملکی معاملات پر مبہم اور سوچ سے عاری بیانات ظاہر کرتے ہیں کہ ان میں ذمہ داری اور قومی مفادات کے احساس کا فقدان ہے جبکہ نوازشریف کا موجودہ غیر ملکی مسئلہ پر ردعمل قومی سلامتی کونسل کی وساطت سے بیان کے ذریعے آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم پر الزامات بار بار دہرا رہے ہیں جو کہ غلط ثابت ہو چکے ہیں وہ اپنے جھوٹے الزامات پر معذرت کرنے کی بجائے عوام کو گمراہ کرنے کیلئے اصرار کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کا تمام مسائل پر دوہرا معیار ہے۔ انہوں نے ایک طرف تو این اے 149 ملتان کے انتخاب کا بائیکاٹ کیا ہے تاہم اب دوسری طرف وہ ایک امیدوار کی حمایت میں جلسہ کر رہے ہیں اس سے ان کا دوہرا معیار اور کمزور اخلاقی موقف ظاہر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اچھی کسان دوست پالیسیاں لانے کا وعدہ کر رہے ہیں وہ یہی کام خیبر پی کے میں کیوں نہیں کرتے۔ وہ تبدیلی لانے سے متعلق بات کرتے ہیں تاہم پا کستان کے عوام سوال کرتے ہیں کہ کیا شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین روایتی پرانی سیاست یا تبدیلی کی علامت ہیں۔
پرویز رشید