کراچی میں تشدد جاری، 4 افراد جاں بحق، رینجرز چوکی پر فائرنگ، 2 اہلکار شدید زخمی
کراچی (نمائندہ نوائے وقت+ نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں ہفتہ کے روز فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں سکیورٹی گارڈ سمیت 4 افراد جاں بحق چوکی پر فائرنگ سے 3 رینجرز اہلکار زخمی ہو گئے۔ لیاری میں آوان بموں کے 3 حملوں میں تھانیدار سمیت 8 افراد شدید زخمی ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق سائٹ ایریا کی ایک سٹیل ملز میں سکیورٹی گارڈز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو مارا گیا بن قاسم کے علاقے سے 35 سالہ شکیل کی تشدد زدہ نعش ملی منگھو پیر کے علاقے میں اجتماع گاہ روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا جس کی شناخت نہ ہو سکی بلدیہ کے علاقے سعید آباد میں ایک شخص کی گولیاں لگنے سے موت ہو گئی۔ علاوہ ازیں لیاری کے علاقے آٹھ چوک میں بس سٹاپ پر کھڑے لوگوں پر نامعلوم افراد نے 3 آوان بم پھینکے جن کے پھٹنے سے 6 افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری ہسپتال منتقل کر دیا گیا ادھر سوک سنٹر میں نامعلوم افراد نے رینجرز کی چوکی پر گولیاں برسا دیں جس سے 2 رینجرز اہلکار ملازم اور عبداللہ شدید زخمی ہوگئے۔ رینجرز نے سرچ آپریشن کے دوران پی آئی بی کالونی میں ایک مکان سے دھماکا خیز مواد اور اسلحہ برآمد کرکے متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا، اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد زمین کے اندر چھپایا گیا تھا۔ دوسری جانب لیاری افشانی گلی کے قریب گینگ وار کے ملزمان نے سرچ آپریشن میں مصروف پولیس اور رینجرز ہلکاروں پر دستی بموں سے حملہ کر دیا، حملے میں ایس ایچ او کلاکوٹ اور رینجرز کا ایک افسر زخمی ہوگیا۔ادھر سچل میں پولیس نے مقابلے میں دو ڈاکوئوں کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ دوسری طرف کورنگی زمان ٹائون میں لوٹ مار میں مصروف ڈاکوئوں نے ایک پولیس اہلکار ندیم کو تشدد کا نشانہ بنایا۔