بجلی بحران : چھوٹے سولر منصوبوں کیلئے 46 مقامات کا انتخاب کر لیا : شہباز شریف
لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ 12 اکتوبر1999ء کو ایک مستحکم جمہوری نظام کو پٹڑی سے اتارنا دراصل پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کے راستے سے ہٹانے کی گھنائونی سازش تھی جس کے نتائج پاکستانی قوم آج بھی بھگت رہی ہے۔ 12 اکتوبر کے موقع پراپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے طویل آمرانہ جبرکیخلاف سینہ سپر ہونے والی سیاسی قوتوں بالخصوص مسلم لیگ (ن)کے کارکنوں اور رہنمائوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 12 اکتوبر 1999ء ہماری تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے جب ایک آمر نے جمہوریت پر شب خون مارا اور عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والی حکومت کی بساط لپیٹ دی۔ اگر پاکستان کی تاریخ کے مختلف ادوار میں جمہوری عمل کو سبوتاژ نہ کیا جاتا تو آج ہم دہشت گردی، لوڈشیڈنگ، مہنگائی اور بیروزگاری جیسے سنگین مسائل سے دوچار نہ ہوتے۔ مسلم لیگ (ن)کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ جمہوریت اور جمہوری اداروں کے استحکام کیلئے اپنے دوٹوک موقف پر سختی سے کاربند ہے۔ پاکستان کے مسائل کا حل کرپشن ، اقربا پروری اور لوٹ مار سے پاک جمہوریت کے تسلسل اور استحکام میں مضمر ہے۔ نواز شریف کے گزشتہ دور حکومت میں مواصلات، صحت اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں جو ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے وہ اگر جنرل (ر) پرویز مشرف کے غاصبانہ قبضے کی نذر نہ ہوتے تو آج پاکستان کا شمار دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں ہوتا۔ آج کے دن ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ہم مکمل طور پر جمہوری اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے پاکستان کو قائد اور اقبال کا ملک بنانے کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں شمسی توانائی سے بجلی کے حصول کے بڑے مواقع موجود ہیں اورشمسی توانائی کے ذریعے بجلی بحران میں کمی لائی جاسکتی ہے، یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں چھوٹے سولر منصوبوں کیلئے 46 مقامات کا انتخاب کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا - اجلاس میں صوبے میں شمسی توانائی کے چھوٹے منصوبے لگانے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک کو غربت، بیروزگاری کے مسائل سے چھٹکارا دلانے اور ملک میں معاشی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے توانائی بحران کا خاتمہ ضروری ہے۔ حکومت توانائی کی کمی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے ہرممکنہ ا قدام اٹھا رہی ہے۔ بے وقت کے احتجاج اور دھرنوں نے ملک و قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا ہے، اب تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں۔ ملک سے اندھیرے دور کرنے کیلئے سب کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہوگی۔ تمام متعلقہ ادارے یکسو ہو کر نئے جذبے کے تحت فرائض سرانجام دیں۔ توانائی بحران نے تعلیم، صحت، زراعت سمیت سماجی ترقی کے تمام شعبوں کو بری طرح متاثرکیا ہے۔ صنعتوں کے فروغ کیلئے توانائی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانا بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں شمسی توانائی سے بجلی کے حصول کے وسیع امکانات موجود ہیں اور شمسی توانائی سے شارٹ ٹرم میں بجلی کا حصول ممکن ہے۔ 1سے 50 میگاواٹ کے سولر منصوبے توانائی بحران میں کمی لانے میں اہم کردار ادا کریں گے اسلئے تمام متعلقہ ادارے سمال سولر منصوبوں پر تیزرفتاری سے عملدرآمد کے حوالے سے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ چھوٹے سولر منصوبوں کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات فی الفور کئے جائیں اور ان منصوبوں پر تیز رفتاری سے شفاف انداز سے عملدرآمد کیلئے ٹیم تشکیل دی جائے۔ پنجاب حکومت قائد اعظم سولر پارک بہاولپور میں اپنے وسائل سے ابتدائی طور پر 100میگا واٹ کا شمسی توانائی کا منصوبہ لگا رہی ہے اور اس منصوبے پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے اورانشا اللہ رواں برس کے اختتام تک سولر منصوبے سے بجلی کا حصول ممکن ہوگا۔ صوبے میں بائیوماس سے توانائی کے حصول کے بھی بے پناہ مواقع موجود ہیں -بائیو ماس سے توانائی کے حصول کیلئے تیزرفتاری سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ملک کو توانائی بحران سمیت مسائل کے گرداب سے نکالنے کیلئے دن رات ایک کر رکھا ہے، وہ وقت دور نہیں جب ملک انشاء اﷲ مسائل سے چھٹکارا حاصل کر کے ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ مزید براں شہباز شریف سے گذشتہ روز ایم این اے اویس لغاری نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈیرہ غازیخان کے ترقیاتی منصوبوں اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے۔ ملک کسی طور پر بھی انتشار اور تخریبی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ دھرنے اور نام نہاد انقلاب کو عوام نے مسترد کر دیا ہے۔ دھرنے دینے والے ملک و قوم کے حال پر رحم کریں۔ 18کروڑ عوام ملک کی ترقی کے دشمنوں کے اصل چہرے پہچان چکے ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے۔علاوہ ازیں شہباز شریف سپریم کورٹ کے سینئر اور معروف وکیل محمد اکرم شیخ کی رہائش گاہ گئے اور ان کی اہلیہ کے انتقال پر اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کے لئے دعائے مغفرت کی۔
شہباز شریف