پالپا کیساتھ واجبات کی ادائیگی کے معاملات طے، فضائی آپریشن بحال
ملتان(ثناء نیوز) پی آئی اے انتظامیہ اور پائلٹ ایسوسی ایشن کے درمیان واجبات کی ادائیگی کے معاملات طے پانے کے بعد پائلٹس کی جانب سے فضائی آپریشن مکمل بحال کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔ معاہدہ کے تحت پی آئی اے پچھلے 2 ماہ سے رکے ہوئے واجبات کا 50 فیصد پالپا کو 30اکتوبر میں ادا کرے گا جب کہ بقایا واجبات نومبر اور دسمبر میں ادا کئے جائیں گے۔ پی آئی اے اور پالپا کے درمیان 48 گھنٹے جاری رہنے والے مذاکرات ایم ڈی پی آئی اے کی جانب سے معاہدے پر دستخط کے بعد اختتام کو پہنچے۔ پی آئی اے کی جانب سے واجبات کی عدم ادائیگی پر پالپا کی جانب سے گزشتہ 3دنوں سے فضائی آپریشن سست روی کا شکار تھا جس کی وجہ سے گزشتہ 96 گھنٹوں سے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک فلائٹ تاخیر کا شکار تھیں جس سے مسافروں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔