• news

عوام نے فیصل آباد جلسہ میں شرکت نہ کرکے انقلابیوں کو مسترد کردیا: زعیم قادر ی

لاہور (خبرنگار) پنجاب حکومت کے ترجمان سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ عوام نے فیصل آباد کے جلسے میں شرکت نہ کرکے نام نہاد انقلابیوں کو مسترد کردیا ہے او ربخوبی جان چکے ہیں کہ انقلابی اور سونامی تحریک صرف جمہوری نظام کو لپیٹنے اور ترقی کا پہیہ روکنے کیلئے ہے۔ عوام نے جلسے میں لندن سازش پلان کے مرکزی رہنمائوں کو پہچان لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہے جس کا عملی ثبوت عوام نے دے دیا ہے۔ چند ہزار لوگوں کے اجتماع کو لاکھوں کا مجمع قرار دینا ایک اور ڈرامے بازی ہے کیونکہ انہیں علم ہے کہ دھرنے بازوں کو جلد مایوس ہوکر گھروں کو چلے جانا ہوگا۔ جلسوں میں چودھری برادران کا کردار ’’پرائی شادی میں عبداللہ دیوانے‘‘ جیسا ہے۔ مفاد پرست ٹولہ ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے کیلئے ایک بار پھر اکٹھا ہورہا ہے لیکن عوام نے چودھری برادران کو ان کی زبان میں دیوار سے لگا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان میں تحریک انصاف کے قائدین کی بے حسی اور غیر انسانی رویئے کو کبھی بھلایا نہیں جاسکے گا۔ اگر تحریک انصاف کے قائدین اپنی سیاسی تقاریر روک کر متاثرین کو طبی امدا فراہم کرتے تو شاید قیمتی جانیں ضائع نہ ہوتیں۔ زمینی حقائق اور شواہد تحریک انصاف کے قائدین کے بیانات کی نفی کرتے ہیں پھر بھی معاملے کی تحقیقات کا حکم دیدیا گیا ہے جس کے بعد اصل حقائق سب کے سامنے آجائیں گے۔
زعیم قادری

ای پیپر-دی نیشن