شاہ محمود سے اختلافات، صدر تحریک انصاف ملتان نے عمران کی پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کر دیا
ملتان (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) شاہ محمود قریشی اور ضلعی عہدیداروں کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آ گئے۔ ضلعی صدر اعجاز حسین جنجوعہ ملتان میں خالد خاکوانی کی رہائشگاہ پر ہونے والی عمران خان کی پریس کانفرنس میں شرکت کیلئے پہنچے تاہم سکیورٹی کلیرنس لسٹ میں ان کا نام نہیں شامل تھا اور نہ ہی سٹیج پر انکی نشست لگائی گئی تھی جس پر اعجاز جنجوعہ واپس گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پریس کانفرنس میں کسی ضلعی تنظیم کے منتخب عہدیداروں کو مدعو نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا خواتین ونگ کی ڈسٹرکٹ پریزیڈنٹ سمیت خواتین کی کسی بھی نمائندہ کو نہیں بلایا گیا۔ اعجاز جنجوعہ نے مؤقف اپنایا پارٹی انتخابات میں ہارے ہوئے امیدوار کے گھر پر پریس کانفرنس کی بجائے ضلعی دفتر میں پریس کانفرنس ہونی چاہئے تھی۔ دریں اثناء صدر اعجاز جنجوعہ نے کہا ہے سانحہ ملتان حادثاتی اور قدرتی ہے اور یہ سانحہ کسی نے جان بوجھ کر نہیں کرایا۔ فون پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے تحریک انصاف ضلع ملتان کے صدر کی حیثیت سے ملتان کی ضلعی انتظامیہ اور ڈی سی او ملتان سے اپنے لاہور کے پی ٹی آئی کے جلسے کے آرگنائزر و رکن صوبائی اسمبلی محمد اسلم کے لاہور کی انتظامیہ کیساتھ ہونے والے ایگریمنٹ کی کاپی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کے مطابق کیا تھا۔
بائیکاٹ