• news

دتہ خیل وادی تیراہ : فورسز کی بمباری‘ 21 دہشت گرد ہلاک‘ 6 ٹھکانے تباہ : سوات میں جھڑپ‘ تین مارے گئے

راولپنڈی/ پشاور/ خیبرایجنسی/ سوات (آئی این پی) پاک فوج کا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے۔ دتہ خیل اور وادی تیرہ میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں کی بمباری اور سوات میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 24 دہشت گرد ہلاک جبکہ 6 ٹھکانے تباہ کردئیے گئے۔ خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں طالبان کے دو دھڑوں میں جھڑپ کے دوران تین دہشت گرد ہلاک جبکہ سات زخمی ہوگئے۔ دتہ خیل میں تازہ فضائی کارروائی میں 11 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی میں دو ٹھکانے مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ اس سے قبل خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں جیٹ طیاروں کی بمباری سے10 مشتبہ شدت پسند ہلاک ہوگئے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق جیٹ طیاروں نے وادیِ تیرہ کے مختلف علاقوں میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ کارروائی میں چار ٹھکانے مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ جیٹ طیاروں نے ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا۔ سوات کی تحصیل چارباغ میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جھڑپ میں ایک سکیورٹی اہلکار زخمی ہوا۔ بی بی سی کے مطابق تھانہ چارباغ کے محرر نے بتایا واقعہ چارباغ کے علاقے منگلتان کے گاؤں خدنگ میں پیش آیا اور وہاں سرچ آپریشن کے دوران جھڑپ ہوئی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2014ء کے دس ماہ میں سوات کے مختلف علاقوں میں امن کمیٹیوں کے 23 سے زائد ممبران کو نشانہ بنایا گیا۔اپر سوات کے قومی جرگے کے ترجمان فیروز شاہ نے بتایا علاقے میں طالبان کے حمایتی موجود ہیں جو باہر سے آنیوالے شدت پسندوں کو سہولیات مہیا کرتے ہیں۔ خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں طالبان کے دو دھڑوں میں ہونے والی جھڑپ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے مہمند اور اورکزئی گروپوں کے درمیان ہوئی۔ لڑائی میں دونوں گروپوں کا جانی نقصان ہوا۔ خیبر ایجنسی کے علاقہ باڑہ میں جھڑپ کے بعد کالعدم لشکر اسلام کے دہشت گرد امر بالمعروف گروپ کے تین کارکنوں کو اغواء کرکے اپنے ہمراہ تیراہ لے گئے۔ بازار ذکاء خیل میں سڑک کنارے بم نصب کرنیوالے لشکر اسلامی کے دو عسکریت پسند ذکاء خیل امن لشکر کے کارکنوں کے ہاتھوں مارے گئے۔
بمباری/ جھڑپ

ای پیپر-دی نیشن