پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن‘ صدر کے سوا باقی عہدوں پر الیکشن 25 نومبر کو ہو گا
لاہور (سپورٹس رپورٹر) سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر کے علاوہ باقی عہدوں پر الیکشن 25 نومبر کو ہوگا۔ مختلف کھیلوں کی تنظیموں سے وابستہ 8 سے 10 عہدیدار اولمپک کونسل آف ایشیا اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے عائد پابندی کی وجہ سے الیکشن میں کسی بھی عہدے پر امیدوار نہیں بن سکیں گے۔ اس بات کا فیصلہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے جنرل کونسل اجلاس میں کیا گیا۔ پی او اے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن کا کہنا تھا کہ ہاوس نے الیکشن خفیہ رائے شماری سے کرانے کی قرار داد پاس کی ہے۔ سپریم کورپ کے احکامات کی روشنی میں چالیس عہدوں پر انتخابی عمل مکمل کیا جائے گا۔ الیکشن میں صرف ان افراد کو حصہ لینے کی اجازت ہوگی جن کی کھیلوں کی تنظیم بین الاقوامی تنظیم کے ساتھ الحاق رکھتی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ جنرل کونسل اجلاس میں الیکشن رولز کو حتمی شکل دیدی گئی ہے جلد الیکشن کمشنر اور ضابطہ اخلاق جاری کر دیا جائے گا جس کے مطابق امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔