پاکستان میں بین الاقوامی کھیلوں کی بحالی، فلسطین فٹبال ٹیم کی آمد خوش آئند قرار
لاہور (چودھری اشرف/ سپورٹس رپورٹر) پاکستانی کھیلوں کی تنظیموں نے فیفا ڈے کے موقع پر فلسطین ٹیم کی پاکستان آمد کو ملک میں بین الاقوامی کھیلوں کی سرگرمیوں کی بحال کے لئے خوش آئند قرار دیا ہے، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اولمپیئن اختر رسول کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ پاکستان میں غیر ملکی ہاکی ٹیمیں آ کر سیریز کھیلیں، فلسطین کی فٹبال ٹیم کے دورہ پاکستان آنے سے دیگر ممالک کی ٹیموں کی بھی حوصلہ افزائی ہوگی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بھی ایشین گیمز کے موقع پر غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان آنے کی دعوت دی ہے۔ فیڈریشن آف پاکستان بیس بال کے سیکرٹری خاور شاہ کا کہنا تھا کہ فلسطین فٹبال ٹیم کا دورہ پاکستان اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کھیلوں کے حوالے سے ایک محفوظ ملک ہے اور یہاں کے شائقین کھیلوں سے پیار کرتے ہیں۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا محمد سرور کا کہنا تھا کہ فلسطین فٹبال ٹیم کی آمد خوش آئند ہے، حکومت اگر کھیلوں کی سرپرستی کرئے تو اس بات میں کوئی شک نہیں کہ غیر ملکی ٹیمیں پاکستان میں آنا شروع ہو جائیں گے۔ پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ادریس حیدر خواجہ کا کہنا تھا کہ فلسطین ٹیم کی پاکستان آمد کا تمام سہر پاکستان فٹبال فیڈریشن کو جاتا ہے جس کے غیر ملکی فٹبال فیڈریشن کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ اس سے قبل بھی غیر ملکی فٹبال ٹیمیں پاکستان میں بلا کر سیریز منعقد کرا چکے ہیں۔ فلسطین ٹیم کی آمد سے پاکستان کو فائدہ ہوگا۔ پاکستان شائقین جو اپنے میدانوں میں قومی کھلاڑیوں کو کھیلتا دیکھنے سے محروم ہیں یہاں اگر انٹرنیشنل کھیلیں ہوتی ہیں تو شائقین کو اپنے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنے کا بھی موقع ملے گا۔