سلطان جوہر جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ: برطانیہ نے پاکستان کو5-0 سے شکست دیدی
جوہر بارو (سپورٹس ڈیسک) ملائیشیا میں جاری سلطان آف جوہر انڈر 21 ہاکی ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں برطانیہ نے پاکستان کو صفر کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے دی۔ برطانوی ٹیم کا آغاز ہی جارحانہ تھا اور کھیل کے آخر تک میچ میں چھائی رہی۔ پاکستانی ٹیم کو 5 پنلٹی کارنرز ملے جن پر ایک بھی گول نہ کیا جا سکا۔ برطانیہ کو چار پنلٹی کارنر ملے جن پر 2 گول ہوئے۔ برطانیہ نے ایک گول پنلٹی سٹروک پر بھی کیا۔ برطانیہ کے لیوک ٹیلر نے میچ میں 3 گول کئے جس پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ برطانوی کھلاڑی جان بلیبی نے کہا کہ پاکستان کے خلاف کھلاڑی اچھا کھیلے اور اچھے مارجن سے کامیابی حاصل کی ہے۔ ہم نے آغاز سے گرفت حاصل کی جسے آخر تک برقرار رکھا۔ 11ویں منٹ میں پہلی اور چودھویں منٹ میں دوسری کامیابی ملی۔ 28ویں منٹ میں تیسرا‘ 41ویں منٹ چوتھا اور 45 ویں منٹ میں پانچواں گول ہوا۔پاکستان اور بھارت کی جونیئر ہاکی ٹیموں کا میچ 15 اکتوبر کو ملائیشیا میں ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں چھ ٹیمیں حصہ لیں گی ۔ جن میں پاکستان ، بھارت ، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، برطانیہ اور میزبان ملائشیا کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ میں 14 اکتوبر کو آرام کا دن ہوگا۔ جبکہ 15 اکتوبر کو پاکستان روایتی حریف بھارت سے ٹکرائے گا۔