• news

پاکستان والی بال فیڈریشن کے آئین میں ترمیم منظور، عہدیداروں کی مدت شروع کرنے کا فیصلہ

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان والی بال فیڈریشن کی جنرل کونسل نے آئین میں ترمیم کی منظوری دیتے ہوئے نئے انتخابات میں عہدیداران کی مدت شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان والی بال فیڈریشن کا جنرل کونسل اجلاس صدر چوہدری یعقوب کی زیر صدارت لاہور کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا جس میں واپڈا اور آرمی کے سوا تمام الحاق یونٹس نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر جنرل خالد محمود بھی موجود تھے۔ پاکستان والی بال فیڈریشن کے صدر چوہدری یعقوب نے میڈا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اجلاس میں یہ بات طے پائی ہے کہ آئین میں ترمیم کر کے سپورٹس پالیسی کے مطابق کر لیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی او سی اور حکومت کے درمیان ہونے والے معاہدے کے وقت بھی آئی او سی حکام کا کہنا تھا کہ اگر کوئی فیڈریشن اپنے عہدیداران کی مدت کا تعین کرتی ہے تو وہ اس کے آئین کے مطابق ہوگا۔ ہم نے جنرل کونسل اجلاس میں اپنے الحاق رکھنے والے یونٹس کے سامنے تمام معاملہ رکھا ہے جنہوں نے اس بات کی منظوری دی ہے کہ آئین میں ترمیم کر کے آئندہ سے منتخب ہونے والے صدر، سیکرٹری اور خزانچی دو مرتبہ سے زیادہ مدت کے بعد دوبارہ تیسری مدت کے لیے منتخب نہیں ہونگے۔ اس ترمیم سے پہلے کوئی صدر، سیکرٹری اور خزانچی جتنی مرضی مرتبہ عہدے پر رہ چکا ہو اس پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن