شدت پسندوں کے خلاف جنگ میں یقینی طور پر کامیاب ہونگے، قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی: صدر ممنون
راولپنڈی(این این آئی)صدر مملکت ممنون حسین نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور قوم کی گرانقدر قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ہم یقینی طور پر کامیاب ہوں گے۔ صدر ممنون حسین نے اتوار کو عسکری ادارہ امراض چشم کا دورہ کیا اور شدت پسندوں کے خلاف جاری جنگ کے دوران زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔ انہوں نے زخمی فوجیوں اور سویلین مریضوں سے ملاقات کی ان کی خیریت دریافت کی۔ صدر ممنون حسین نے مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور ان کی بہادری، حب الوطنی اور پیشہ وارانہ فرض کی تعریف کی جو وطن عزیز کو شدت پسندی اور دہشت گردی سے نجات دلانے کیلئے انتہاپسند عناصر کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔ صدر ممنون کو ادارہ میں دستیاب طبی سہولتوں اور مریضوں کے علاج معالجہ کے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔