پیپلز پارٹی آئندہ سال سینٹ میں اپنی اکثریت کھو دیگی، امیدواروں کا جوڑ توڑ شروع
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی آئندہ سال سینٹ میں اپنی اکثریت کھو دے گی، مارچ میں سینٹ کے ریٹائر ہونے والے ممبران میں سب سے زیادہ کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے۔ مارچ 2015ء میں حکمران جماعت مسلم لیگ(ن) کے 7، اے این پی کے 5، ایم کیو ایم کے 3جبکہ (ق) لیگ کے چودھری شجاعت حسین ریٹائرڈ ہونگے۔ ذرائع کے مطابق سینٹ کے انتخابات میں حصہ لینے کے خواہشمند امیدواروں نے ابھی سے جوڑ توڑ شروع کر دیا ہے۔ اگلے سال سینٹ سے ریٹائر ہونے والوں میں پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم کے بڑے بڑے نام شامل ہیں جن میں رحمن ملک، جہانگیر بدر، ڈاکٹر قیوم سومرو، میر یوسف بادینی، صابر علی بلوچ، ثریا امیر الدین، نیئر حسین بخاری، سعیدہ اقبال، سعیدہ صغریٰ امام، فاروق ایچ نائیک، اسلام الدین شیخ، مولا بخش چانڈیو، مشاہد اللہ خان، راجہ ظفر الحق، سردار یعقوب ناصر، پروفیسر ساجد میر، پرویز رشید، سید ظفر علی شاہ، جعفر اقبال، بیگم نجمہ حمید، بابر غوری، شیرالہ ملک، عبدالحسیب خان، افراسیاب خٹک، حاجی عدیل، فرخ عاقل، عبدالنبی بخش اور زاہد خان شامل ہیں۔ مارچ 2015ء میں سینٹ کے نئے الیکشن کے بعد قومی اسمبلی اور سینٹ میں مسلم لیگ (ن) اکثریتی جماعت بن جائے گی۔