• news

دوسری جماعتوں نے رواداری نہ سیکھی تو ہم بھی اسی زبان میں بات کرینگے: زرداری

لاہور (ایجنسیاں)  سابق صدر زرداری نے کہا ہے کہ  اسلام آباد میں کنٹینر ڈرامہ کسی کے کہنے پر شروع ہوا، پاکستان میں اصل اپوزیشن کا کردار پیپلزپارٹی ادا کر رہی ہے، دوسری جماعتوں نے صبر اور رواداری کی سیاست نہ سیکھی تو ہم بھی اسی زبان میں بات کریں گے۔ ساہیوال ڈویژن کے پارٹی عہدیداروں اورکارکنان سے ملاقات میں اظہار خیال کرتے ہوئے زرداری  نے کہاکہ پیپلزپارٹی کا صرف سندھ میں جیتنے کا تاثر درست نہیں، ہمیں پہلی بار تنظیم سازی کا موقع مل رہا ہے۔ اسلام آباد میں کنٹینر ڈرامہ کسی کے کہنے پر شروع ہوا اور لوگ ٹی وی پر دوسرے ڈرامے چھوڑ کر کنٹینر ڈرامہ دیکھنے لگ گئے۔ ہمیں اقتدار اور کرسی کی کوئی خواہش نہیں، ہم اپوزیشن کا کردار زیادہ اچھے طریقے سے نبھاتے ہیں، پیپلز پارٹی کی گزشتہ جمہوری حکومت کے دوران ایک دجال نے بے پناہ مشکلات پیدا کیں جسکی وجہ سے حکومت اس سطح پر ڈلیور نہیں کر سکی جیسے وہ کر سکتی تھی۔ کارکنوں اور عوام سے رابطوں کے لئے بلوچستان اور خیبر پی کے میں بھی بلاول ہائوس بنائے جائیں گے، پارٹی میں تھنک ٹینکس بنائیں گے۔ اب ہم ملک میں سیاست اس نہج پر لے آئے ہیں کہ تمام سیاسی قوتیں اس سے متفق نظر آتی ہیں کہ پارلیمنٹ کو نہیں ٹوٹنا چاہیے جو کہ شہید بے نظیر بھٹو کی  مفاہمت کی پالیسی کی جیت ہے۔  سیاست میں سیاسی مخالفت ہوتی ہے نا کہ سیاسی دشمنی۔ ہم پارلیمنٹ کے اندر اور پارلیمنٹ کے باہر ایشوز کی سیاست کریں گے اور ہر اس حکومتی اقدام کی مخالفت کریں گے جو عوام کے مفاد میں نہیں ہو گا۔ بھٹو ازم مسلسل جدوجہد ، مسلسل جدوجہد کا نام ہے۔ کشمیر پیپلز پارٹی کی بنیاد ہے اور جب بھی کشمیر میں کچھ ہوتا ہے تو پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور قیادت کو بڑا دکھ ہوتا ہے کیونکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ ہمیں ہوشمندی اور سمجھداری سے مقابلہ کرتے ہوئے پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کی راہیں تلاش کرنی ہیں۔ اب ہمارا ہمسایہ افغانستان میں بھی آکر بیٹھ گیا ہے۔ پنجاب پیپلز پارٹی کا گڑھ رہا ہے اور ہم تنظیمی امور پر بھر پور توجہ دے کر اس صوبے کو پنجاب کا دوبارہ پیپلزپارٹی کا گڑھ بنا سکتے ہیں۔ 18 اکتوبر کے بعد دوبارہ پنجاب آئیں گے اور اسکے بعد ضلعی اور یونین کونسل کی سطح پر عہدیداروں سے براہ راست رابطہ کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن