• news

خواہش ہے دھرنوں والے اکٹھے الیکشن لڑیں‘ عوام کو انقلاب کا حصہ بنائیں گے: طاہر القادری

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) طاہر القادری نے آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف سے اتحاد کی خواہش ظاہر کر دی۔ طاہر القادری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ خواہش ہے دھرنے والے انتخاب میں بھی اکٹھا رہیں۔ عوامی تحریک کا ایجنڈا پہلے کی طرح جاری رہے گا۔ حکومت پر دباؤ برقرار رہے گا۔ صرف مکینزم تبدیل کیا ہے۔ عوام کو گھروں سے نکال کر انقلاب کا حصہ بنائیں گے۔ ہر سطح پر الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے۔ انتخابی اصلاحات کے بعد انتخاب ہونے چاہئیں۔ قومی حکومت کی سربراہی کا فیصلہ آنے پر کریں گے۔ میری نواز شریف‘ شہباز شریف‘ زرداری سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں۔19 اکتوبر کو مینار پاکستان پر تاریخی جلسہ ہو گا۔ فیصل آباد کے جلسے نے اگلی کامیابی کیلئے کنجی کا کردار ادا کیا۔ ہمارے پیغام کو پوری دنیا نے سنا۔ انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ ممبر سازی کا عمل شروع کیا جائے۔ انتخابات سے پہلے انتخابی عمل کی اصلاحات کریں گے۔ میری خواہش ہے کہ انقلاب والے اور تبدیلی اکٹھے جنگ لڑیں۔ جھنگ، چنیوٹ میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے جائیں گے۔ ماڈل ٹاؤن سانحہ کے قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔ 17جون سے لے کر 97 مقدمات میں عوامی تحریک کے کارکنوں کو ملوث کیا گیا ہے۔ کرکٹ ٹیم کے ہارنے پر بھی لوگوں نے ’’گو آفریدی گو‘ گو مصباح گو‘‘ کے نعرے لگائے ہیں۔ لوگ عوامی تحریک کے اکاؤنٹ میں عطیات جمع کروائیں۔ پاکستان کو عظیم ملک بنا کر دم لوں گا۔ کرپٹ نظام کو بدلنے کے لئے تحصیل لیول پر انقلاب لے کر جاؤں گا۔ 60 دن کے تاریخی دھرنے کے بعد کارواں انقلاب چل چکا ہے۔ پنجاب کے دل فیصل آباد میں جس طرح انقلاب کامیاب ہوا ہے فیصل آباد صنعت کاروں، تاجروں، غریب لوگوں کا شہر ہے۔ ہر تحریک کا چشمہ فیصل آباد ہوتا ہے۔ پوری دنیا میں فیصل آباد کا انقلاب دیکھا۔ کسی وڈیرے سے پیسے نہیں لئے گئے کیونکہ وڈیرے جماعت کا منشور خرید لیتے ہیں۔ ملتان میں کارکن ضمنی الیکشن میں ووٹ کاسٹ نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ دوسروں کے ذاتی جلسوں میں جا کر خلاف نعرے لگانا پسند نہیں کرتا۔ سیلاب کے علاقے‘  ائرپورٹ یا کسی سرکاری پروگرام میں گو نواز گو کے نعرے لگ جائیں تو یہ عوام کے دل کی آواز ہے۔طاہر القادری نے کہا کہ حکومت پر انقلاب اور انتخاب کے ذریعے دباؤ ڈالا جائے گا،  مستقبل میں ہر سطح کا الیکشن لڑیں گے اور کوئی میدان خالی نہیں چھوڑیں گے۔ عوامی تحریک چاہتی ہے قومی حکومت بنے اس میں پہلے احتساب ہو پھر انتخابی اصلاحات اور پھر انتخابات ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن