بلز کی عدم ادائیگی‘ عمران کی بنی گالہ رہائش گاہ کی بجلی کاٹ دی گئی
اسلام آباد+ ملتان (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نامہ نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) آئیسکو نے بنی گالہ میں چیئرمین پی ٹی آئی کے گھر میں لگے بجلی کے تینوں میٹر عدم ادائیگی بل پر کاٹ دئیے ان میں سے ایک میٹر عمران خان کے گھر اور ٹیوب ویل کیلئے تھا جس کا بل ایک لاکھ87 ہزار روپے تھا چیئرمین سیکرٹریٹ کے بجلی کے میٹر کا بل23 ہزار روپے اور گھریلو ملازمین کی رہائشگاہوں کا بل14 ہزار روپے تھا لیکن چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے سول نافرمانی کے تحت اپنے بجلی کے بل دھرنے میں جلانے اور شہریوں کو بھی حکومت کو بجلی کے بل ادا نہ کرنے کی ترغیب دی لیکن وہ بنی گالہ کے اپنے تینوں میٹر سول نافرمانی کی تحریک میں کٹوا بیٹھے ہیں۔ این این آئی کے مطابق آئیسکو حکام کے مطابق عمران خان کی رہائش گاہ پر 3 میٹر لگے ہوئے ہیں ۔ جن کے اگست اور ستمبر کے بل جمع نہیں کرائے گئے تھے۔ آئیسکو نے عمران کو نوٹس بھجوائے جس کے باوجود عمران خان نے بجلی کے بل جمع نہیں کرائے۔ مزید براں نوائے وقت رپورٹ کے مطابق میپکو نے شاہ محمود کو تنبیہ کی ہے انہوں نے آج جواب نہ دیا تو بجلی کے آٹھ میں سے سات میٹر کاٹ دیں گے۔ علاوہ ازیں شاہ محمود قریشی کی درخواست پر عدالت نے میپکو کیخلاف حکم امتناعی جاری کر دیا۔ نامہ نگار خصوصی کے مطابق ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) کی جانب سے تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین شاہ محمود حسین قریشی کو منظور شدہ لوڈ سے زائد استعمال کرنے اور ایک ہی جگہ 8 میٹرز کے حوالے سے بھجوائے گئے نوٹس کا جواب دینے کی مہلت آج ختم ہو جائے گی۔ آج صبح 10 بجے تک جواب موصول نہ ہونے پر کارروائی کئے جانے کا امکان ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے اپنی بنی گالہ رہائش گاہ پر جنریٹرز لگا دیئے گئے۔ واضح رہے بجلی منقطع ہونے کے بعد بنی گالا میں تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں بھی جنریٹر چلائے گئے۔