فائرنگ سے 2 خواتین زخمی‘ بھارتی اشتعال انگیزی امن کوششوں کیلئے نقصان دہ ہے: مشیر خارجہ
باغ/ راولاکوٹ / راولپنڈی/ واشنگٹن (وقت نیوز/ نوائے وقت رپورٹ/ ایجنسیاں) بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں اور ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ جار ی ہے، پاک فوج نے کیلر اور نیزہ پیر سیکٹرز پر بھارتی فوج کی سیز فائر کی تازہ خلاف ورزیوں کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی بندوقیں خاموش کرا دیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے سہ پہر کے وقت آزاد کشمیر کے ضلع باغ کے قریب ایل او سی پر کیلر سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی۔ بعدازاں بھارتی فورسز نے ایل او سی پر شام کے وقت راولاکوٹ کے قریب نیزہ پیر سیکٹر پر بھی بلا اشتعال فائرنگ کی جبکہ فارورڈ کہوٹہ میں بھارتی سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے ایک خاتون زخمی ہو گئی۔ نکیال سیکٹر پر بھی بھارتی سکیورٹی فورسز نے بلااشتعال فائرنگ کی۔ بھارتی فورسز نے عبداللہ پور اور داتوٹ میں گولہ باری کی جس پر پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔ وقت نیوز کے مطابق مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے رکن مستقل ممالک کے سفیروں کو ایل او سی پر بریفنگ دی۔ مشیر خارجہ نے پاکستان بھارت سیکرٹری خارجہ مذاکرات کی منسوخی پر مایوسی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا ایل او سی کی خلاف ورزی سے سول آبادی کا جانی و مالی نقصان ہوا۔ بھارتی لیڈر شپ کے بیانات امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔ آن لائن کے مطابق سرتاج عزیز نے بھارت کی جانب سے سیزفائر کی خلاف ورزی اور اشتعال انگیز بیانات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا اس سے نہ صرف پاکستان کی قیام امن کی کوششوں کو دھچکا پہنچا ہے بلکہ پاکستان کے انسداد دہشت گردی عزم کیلئے بھی تباہ کن ہے، اقوام متحدہ موجودہ صورت حال میں بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرے، بھارت پر زور دیا جائے وہ سیزفائر معاہدے کا احترام اور بامعنی اور سنجیدہ مذاکرات کرے۔ مشیر خارجہ نے کہا بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی اور اشتعال انگیز بیانات دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جاری آپریشن ضرب عضب میں پاکستان کے عزم کیلئے بھی تباہ کن ہے۔ مشیرخارجہ نے پی فائیو سفراء کو ان کی طرف سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو لکھے گئے خط کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے ان ممالک سے یہ مطالبہ بھی کیا وہ انڈیا پر زور دیں وہ سیز فائر معاہدے کی پاسداری کرے اور بامعنی اور سنجیدہ مذاکرات کرے۔ آئی این پی کے مطابق سرتاج عزیز نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بھارتی رہنمائوں کے بیانات امن کوششوں کے لئے نقصان دہ ہے، پاکستان کی امن کی بات کو کمزوری نہ سمجھا جائے، بھارت نے کنٹرول لائن پر فائرنگ کو معمول بنا لیا ہے۔ بھارت پاکستان کی خاموشی کو اس کی کمزوری نہ سمجھے،ہم تو امن کی بات کرتے ہیں اور کوشش کرتے ہیں، تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل ہوں۔ ادھر این این آئی کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے، بھارت نے جنگ مسلط کی تو پاک فوج بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا خطے کی ترقی کے لئے تجارت کا فروغ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا ہم بھارت کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانا چاہتے ہیں اور خطے میں قیام امن کے خواہش مند ہیں۔ پاکستان بھارت کے درمیان کافی جنگیں لڑی جاچکی ہیں لیکن ان جنگوں سے کسی کو فائدہ نہیں ہوا۔ انہوں نے امید ظاہر کی بھارت اس موقع پر سمجھداری سے کام لے گا۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق امریکہ میں پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے لائن آف کنٹرول پر کشیدگی سے متعلق امریکی محکمہ خارجہ کو آگاہ کر دیا ہے، معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا لائن آف کنٹرول پر موجودہ صورتحال کسی کے مفاد میں نہیں۔ بھارتی جارحیت پر اقوام متحدہ کو لکھا گیا خط ان تک پہنچ گیا ہے۔ خط میں خطے میں جاری صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اقوام متحدہ کو لکھے گئے خط کا جواب اسی ہفتے مل سکتا ہے۔ اقوام متحدہ کے مبصر گروپ کو بھی معاملے کی تحقیقات کرنی چاہئے۔ پاکستان تحقیقات کے لئے تیار ہے۔ خطے میں امن کے لئے دونوں ممالک کو مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنا چاہئے۔