مڈٹرم الیکشن کا امکان نہیں، وزیراعظم بھارت کو طاقت کی زبان میں جواب دیں: سراج الحق
لاہور+ سیالکوٹ + ہیڈ مرالہ + سرگودھا (خصوصی نامہ نگار + نامہ نگاران) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ بھارت کے سامنے بزدلی یا کمزوری کا اظہار کیا گیا تو وہ مزید سر پر چڑھے گا، وہ طاقت کی زبان سمجھتا ہے اس لیے ا س کو اسی انداز سے جواب دینا چاہیے، وزیراعظم جرأت مند اور مجاہد قوم کے لیڈر ہونے کا ثبوت دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چپراڑ سیکٹر کے دورے کے موقع پر بھارتی گولہ باری سے متاثرہ لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کو یاد رکھنا چاہیے کہ اس کا سامنا ایٹمی پاکستان کے ساتھ ہے اگر پاکستان کی امن کے قیام کی خواہش کو کمزوری سمجھ کر بھارت نے کسی قسم کی مہم جوئی یا جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو اس کا خمیازہ بھارت کو بھگتنا پڑے گا اور اس کا 70 گنا زیادہ نقصان ہوگا۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیاکہ ورکنگ بائونڈری پر تقریباً دو ماہ سے گولہ باری جاری ہے جس کے نتیجہ میں بیسیوں لوگ شہید اور سینکڑوں زخمی ہوئے۔ املاک اور فصلوں کی تباہی کے باوجود حکومتی ذمہ داران نے متاثرین کی خبر نہیں لی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر متاثرین کے لیے ریلیف پیکیج کااعلان کرے۔ سراج الحق بھارتی گولہ باری سے شہید اور زخمی ہونے والوں کے گھروں میں گئے، شہدا کے لیے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ ادھر قرطبہ ٹائون سرگودھا میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ آئندہ حکومت جماعت اسلامی کی ہوگی۔ نیا پاکستان نہیں بلکہ اسلامی فلاحی پاکستان بنانا ہے۔ مڈٹرم انتخابات کا امکان کم لیکن اس کا انحصار حکومتی رویہ پر ہے اگر حکومت نے اپنے منشور پر عمل کرتے ہوئے عوامی مسائل پر توجہ دی تو اسے عوام میں پذیرائی ورنہ عوامی غیظ و غضب کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ڈاکٹر عافیہ ایک شہر سے تعلق رکھنے والی بیٹی نہیں بلکہ امت مسلمہ کی بیٹی ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان ایک سوچ، ایک نظرئیے اور فلسفے کا نام ہے۔ میں موجودہ ملکی حالات کو دیکھتے ہوئے اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ 2 نومبر سے منیار پاکستان سے تحریک پاکستان کا آغاز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں علماء کرام سے وعدہ کرتا ہوں کہ ان کی بھی تنخواہیں مقرر کریں گے اور پھر ضلع کا ڈی سی اور کمشنر مسجد میں بیٹھ کر فیصلہ کرے گا۔