این اے 118: 211 تھیلوں کی دوبارہ گنتی کیلئے درخواست ہائیکورٹ نے مسترد کردی
لاہور(وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 118کے 211 تھیلوں کی دوبارہ گنتی کے لئے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔ این اے 118سے رکن قومی اسمبلی مسلم لیگ (ن) ملک ریاض کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ مال آفس میں صوبائی حلقہ کے تھیلوں کی نشاندہی کے دوران این اے 118کے دوسو گیارہ تھیلے برآمد ہوئے۔ الیکشن کمشن نے یہ تھیلے تصدیق کے لئے نادرا کو بھجوائے مگر نادرا حکام نے بغیر تصدیق کے تھیلے واپس بھجوا دئیے۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت برآمد ہونے والے تھیلوں کے بیلٹ پیپرز کی دوبارہ گنتی کا حکم دے۔ عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عدالت کو الیکشن کمشن کے معاملات میں مداخلت کا اختیار حاصل نہیں ہے۔ اس بارے فل بنچ پہلے ہی فیصلہ دے چکا ہے۔ عدالت نے درخواست گذار کو الیکشن کمشن سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔
درخواست مسترد