بھارت کنٹرول لائن پر گولہ باری کر کے اقوام عالم میں ساکھ کھو رہا ہے، عمران کو 2018ء تک انتخابات کا انتظار کرنا ہو گا: پرویز رشید
اسلام آباد (اے پی پی+ آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات نشریات و قومی ورثہ سنیٹر پرویز رشید نے کہا ہے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر اصولی اور دیرینہ مؤقف اجاگر کیا ہے اور اسی مؤقف کو وزیراعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے حالیہ اجلاس میں نہایت مؤثر انداز میں پیش کیا۔ یہ مسئلہ کشمیری عوام کی امنگوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے یہ بات یہاں باغ پریس کلب آزاد کشمیر کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ پرویز رشید نے کہا بھارت کو لائن آف کنٹرول کے پار نہتے شہریوں پر گولہ باری کر کے کچھ حاصل نہیں ہو گا بلکہ وہ اشتعال فائرنگ کے ایسے واقعات کے ذریعے اقوام عالم میں اپنی ہی ساکھ کھو رہا ہے۔ پرویز رشید نے کہا ہے تحریک انصاف کو اقتدار میں آنے کی بہت جلدی ہے۔ عمران خان کو 2018 تک عام انتخابات کا انتظار کرنا ہو گا۔ انہوں نے جاری ایک بیان میں کہا عمران خان خود تو وی آئی پی کے کلچر کے خاتمے کی بات کرتے ہیں لیکن خود وی آئی جہاز نہ ہونے کی صورت میں کارکنون کی نما ز جنازہ میں شرکت نہیں کرتے۔
پرویز رشید