886 ارکان پارلیمنٹ نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرا دیں‘ 284 باقی ہیں
اسلام آباد (خبر نگار + آئی این پی) الیکشن کمشن میں 886 پارلیمنٹیرینز نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرا دی ہیں‘ اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے والوں میں قومی اسمبلی کے 273 سینٹ کے 98 پنجاب اسمبلی کے 242 سندھ 134 خیبر پی کے 85 اور بلوچستان اسمبلی کے 54 ارکان شامل ہیں۔ الیکشن کمشن ذرائع کے مطابق 284 ارکان نے تاحال اثاثوں کا گوشوارے جمع نہیں کرائے جن میں طارق فضل چودھری‘ اسد عمر‘ غفور حیدری‘ عبدالقادر بلوچ‘ پرویز خٹک‘ صدر الدین شاہ‘ میاں محمود الرشید‘ احمد خان اور وقار احمد خان بھی شامل ہیں‘ 15 اکتوبر تک گوشوارے جمع نہ کرانے والے اراکین کی رکنیت معطل کر دی جائے جس کا الیکشن کمشن باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔ دریں اثناء الیکشن کمشن نے حکومت کو ڈیڈ لائن کے خاتمے سے قبل سالانہ گوشوارے جمع نہ کرانے والے ارکان پارلیمنٹ کی رکنیت 2 ماہ تک معطل کرنے اور موجودہ قانون میں 15 دن کی اضافی ڈیڈ لائن ختم کرنے کے لئے قانو سازی کی تجویز دے دی۔ کمشن کے مطابق موجودہ قانون کے مطابق ہر سال 15 اکتوبر تک گوشوارے جمع نہ کرانے والے ارکان کی رکنیت معطل کرنے کی کوئی معینہ مدت طے نہیں کی گئی جس کی وجہ سے معطل ارکان گوشوارے جمع کراتے ہی اہل قرار پاتے ہیں۔ حکومت کو دی گئی قانون سازی کی تجویز میں گوشوارے جمع کرانے کیلئے 30 ستمبر کو حتمی ڈیڈ لائن مقرر کرنے اور 15 دن کی اضافی ڈیڈ لائن کی گنجائش ختم کرنے کی بھی تجویز دی گئی۔ مجوزہ ترمیم کی صورت میں الیکشن کمشن گوشوارے جمع نہ کرانے والے ارکان کی رکنیت معطل کرنے کیلئے 15 اکتوبر کا انتظار کرنے کی بجائے یکم اکتوبر سے 15 اکتوبر کے درمیان کسی بھی وقت رکینیت معطل کر سکے گا۔
اثاثے تفصیلات