• news

کالعدم تحریک طالبان میں ٹوٹ پھوٹ، ترجمان شاہد اللہ شاہد سمیت متعدد کمانڈر داعش میں شامل

اسلام آباد(اے این این)کالعدم تحریک طالبان کا مستقبل مخدوش،طالبان ترجمان شاہد اللہ شاہد سمیت کئی اہم کمانڈرز داعش میں شامل،اورکزئی ایجنسی کے حافظ سعید،کرم ایجنسی کے حافظ دولت،خیبر ایجنسی کے فاتح بن زمان،پشاور کے مفتی حسن  اورہنگو کے طالبان کمانڈر خالد منصور نے ابوبکر البغدادی کی بیعت کر لی۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کالعدم تحریک طالبان کی طرف سے سوشل میڈیا پر عربی، پشتو اور اردو زبانوںمیں بیان جاری ہوا ہے جس کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد، اورکزئی  ایجنسی میں طالبان کے رہنما حافظ سعید خان،کرم ایجنسی کے طالبان رہنما حافظ دولت،خیبر ایجنسی کے فاتح بن زمان،پشاور کے مفتی حسن اورہنگو کے طالبان رہنما خالد منصور نے داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کی بیعت کرلی ہے اور ان کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ اس سے قبل کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے امیر  ملا فضل اللہ کی طرف سے بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوںنے دنیا بھر کی جہادی تنظیموں کی حمایت کا اعلان کیاتھا لیکن  یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ وہ تحریک طالبان افغانستان کے امیر ملا محمد عمرکو اپنا امیر  المومنین تسلیم کرتے ہیں۔اہم طالبان کمانڈرز کے داعش میں شامل ہونے کے باعث کالعدم تحریک طالبان کا مستقبل مخدوش ہو گیا ہے۔طالبان رہنماؤں کی جانب سے  تنظیم کو چھوڑنے کا اعلان ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب قبائلی علاقوں میں پاک فوج کا آپریشن جاری ہے اور طالبان کو فوجی آپریشن کے باعث دباؤ کا سامنا ہے۔واضح رہے شام اور عراق کے وسیع حصہ پر قابض تنظیم داعش اب جنوبی ایشیا میں اپنے قدم جمانا چاہتی ہے جہاں مقامی طالبان پاکستان اور افغانستان حکومت کیخلاف سرگرم ہیں۔ یہ اعلان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ستمبر میں القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری نے سابق طالبان کمانڈر عاصم عمر کو اپنی جنوبی ایشیا برانچ کاسربراہ مقرر کیا ہے۔ داعش اور القاعدہ سے جڑے طالبان کمانڈروں کے درمیان مضبوط اتحاد کے شواہد اتنے واضح نہیں لیکن حال ہی میں داعش کے پشاور میں پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے ہیں۔ اسی طرح بھارت کے زیرانتطام کشمیر میں جلسوں کے دوران بھی داعش کے جھنڈے نظر آئے۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے عید الاضحی کے موقع پر ایک پیغام میں داعش کے مقاصد کی مکمل حمایت ظاہر کی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن