سیلاب زدگان کو شفاف نظام کے ذریعے ادائیگی کر رہے ہیں، کوئی حقدار محروم نہیں رہے گا: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دھرنے دینے والوں نے ملک کو ترقی کی راہ سے ہٹانے کی ناپاک سازش کی اور 18 کروڑ عوام ملک کی ترقی اور خوشحالی کے دشمنوں کے اصل چہرے پہچان چکے ہیں۔ دھرنے اپنی سیاسی موت مر چکے ہیں۔ پوری قوم جان چکی ہے کہ ملک کی بے لوث خدمت کون کر رہا ہے اور انتشار کی سیاست کون؟ عوام کی ترقی اور خوشحالی کے دشمنوں کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ دھرنوں سے ہونے والے نقصان کے ازالے کیلئے محنت، لگن، عزم اور نئے جذبے سے کام کریں گے۔ وہ مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو کر رہے تھے، جنہوں نے گذشتہ روز وزیراعلیٰ سے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں ایم این اے عبیداللہ خان شادی خیل، ایم پی اے امانت اللہ خان شادی خیل، سابق ایم پی اے علی نور خان نیازی، فیصل آباد سے ایم پی ایز شیخ اعجاز احمد، رانا شعیب ادریس خان، ٹوبہ ٹیک سنگھ سے ایم پی اے کامریڈ میاں محمد رفیق اور جھنگ سے ایم پی اے محمد اعظم چیلہ شامل تھے۔ شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ترقیاتی منصوبوں کو برق رفتاری سے پایہ تکمیل تک پہنچا رہی ہے۔ دیانتداری سے صوبے کے عوام کی خدمت کا سفر جاری ہے، پنجاب کو ترقی کے لحاظ سے مثالی صوبہ بنا کر دم لیں گے۔ صوبے میں کرپشن فری کلچر کو فروغ دیا گیا ہے۔ عوام کی فلاح و بہبود اور ان کا مفاد انہیں سب سے زیادہ عزیز ہے۔ قومی وسائل کو امانت سمجھ کر شفاف طریقے سے عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے خرچ کیا جا رہا ہے۔ صوبے میں ترقیاتی منصوبوں پر شفاف انداز سے عملدرآمد کیلئے مانیٹرنگ کا موثر نظام وضع کیا گیا ہے تاکہ عوام کا پیسہ ان کی فلاح پر ہی خرچ ہو۔ پنجاب حکومت تعلیم ،صحت اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے انقلابی اصلاحات کررہی ہے۔ پنجاب میں عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے شرح ترقی میں اضافے کا ہدف مقرر کیا گیاہے۔ پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ جنوبی پنجاب کے اضلاع کے لئے آبادی کے تناسب سے زیادہ وسائل مختص کئے گئے ہیں۔ محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے اور اچھی خدمات کی فراہمی کیلئے اصلاحات عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ تعلیم، صحت، امن و امان، صاف پانی کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تیز رفتاری سے کام کرنا ہوگا۔ ہر محکمے کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ محکمے اپنے ٹارگٹ مقرر کرکے اس کے حصول کیلئے کام کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) کی وفاقی اور پنجاب حکومت کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ ان کا دامن کرپشن سے پاک ہے۔ پاکستان ہم سب کا ہے اور اس کی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں کانٹوں کو چن چن کر علیحدہ کریں گے۔ بے وقت کے دھرنوں کے باعث ملک کا بے پناہ نقصان ہوا ہے۔ دھرنے دینے والوں نے ملک و قوم کے ساتھ جو ظلم اور زیادتی کی ہے، اس پر 18 کروڑ عوام انہیں کبھی معاف نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے شبانہ روز محنت کررہے ہیں اور انشاء اللہ پاکستان کے 18کروڑ عوام کی امنگوں پر ہر صورت پورا اتریں گے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہاہے کہ تاریخ کے بدترین سیلاب نے پنجاب کے مختلف علاقوں میں بے پناہ تباہی مچائی۔ فصلوں، مویشیوں، املاک او رانفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا۔ پنجاب حکومت کے بروقت اقدامات کی بدولت ہزاروں انسانی جانیں بچائی گئیں۔ پہلے مرحلے میں سیلاب زدگان کو وعدے کے مطابق مہینوں میں نہیں بلکہ دنوں میں نقصانات کے ازالے کی پہلی قسط کی ادائیگی کا عمل مکمل کیا جا چکاہے۔ سیلاب متاثرین کو تیز رفتاری سے شفاف انداز میں پہلی قسط کی ادائیگی ایک انقلاب ہے -سیلاب زدگان کی اپنے گھروں میں دوبارہ آباد کاری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہو ئے کہی۔ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سیلاب سے جن لوگوں کا ذریعہ معاش متاثرہوا ہے انہیں بھی مالی امداد دیں گے اور مویشیوں کے نقصانات کا بھی ازالہ کریں گے۔ تمام حقداروں کو انکا حق دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سروے کی بنیاد پر تخمینہ لگا کر گھروں اور فصلوں کے نقصانات کا ازالہ کرنے کے لئے دوسری قسط کی ادائیگی کے پروگرام کو جلد حتمی شکل دی جائے۔ جن علاقوںمیں ابھی تک پانی کھڑاہے وہاں پر فی الفور نکاسی کا انتظام کیا جائے اور وبائی امراض کی روک تھام کے لئے ایسے علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر جراثیم کش سپرے کرنے کا کام جاری رکھا جائے۔ نقصانات کے سروے کا تھرڈ پارٹی آڈٹ ہو گا۔ سیلاب زدگان کو ایک شفاف اور فول پروف نظام کے ذریعے مالی امداد کی ادائیگی کی جا رہی ہے۔ کوئی حقدار اپنے حق سے محروم نہیں رہے گا۔ وزیراعلیٰ نے بعض امور میں تاخیر اور جامع منصوبہ بندی کے فقدان پر برہمی کا اظہار اور متعلقہ حکام کی سرزنش کرتے ہوئے یہ شعر پڑھا:-’’ مسافر شب کو اٹھتا ہے، جو جانا دور ہوتا ہے‘‘ اور ہدایت کی کہ متعلقہ محکمے، افسران سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے محنت، لگن اور جذبے سے کام کریں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے معروف شاعر اور گیت نگار محمد محمود کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دریں اثناء شہباز شریف نے لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں 8 سالہ بچے کو اغوا کے بعد قتل کرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔