• news

بھارتی جارحیت کا ہر محاذ پر مقابلہ کرینگے، غیر آئینی طریقے سے حکومت ہٹانے کی تمام سازشیں ناکام ہو گئیں: نوازشریف

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم نواز شریف  نے کہا ہے کہ ملکی ترقی اور عوامی مسائل  کا حل ہماری  حکومت  کی اولین ترجیحات ہیں‘  غیر آئینی اور غیر جمہوری طریقوں سے حکومت کو ہٹانے کی تمام سازشیں ناکام  ہوچکی ہیں‘  جمہوریت  کی بقا اور فروغ کیلئے پوری پارلیمنٹ متحد ہے‘  ارکان اسمبلی اپنے حلقوں کے عوام کے مسائل کے حل کو سب سے زیادہ ترجیح دیں۔ بھارتی جارحیت کا ہر محاذ پر مقابلہ کیا جائیگا اور کنٹرول لائن پر بھارتی افواج کو مؤثر جواب دیا جائیگا۔ وہ منگل کو گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور ارکان قومی اسمبلی  سے  ملاقاتوں میں بات چیت کر رہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو وزیراعظم ہائوس میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور  سمیت  بورے والا  سے رکن قومی اسمبلی ساجد مہدی‘ خانیوال سے محمد خان ڈاہا اور گوجرانوالہ سے رکن قومی اسمبلی چودھری محمد شبیر ورک نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت  دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعظم  نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور انہیں اپنے حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم  نے ارکان اسمبلی کو اپنے اپنے حلقوں  میں ترقیاتی کام تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے عوام سے رابطے میں رہنے اور مسائل حل کرنے کا  کہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی  جارحیت  کا ہر محاذ پر مقابلہ کیا جائے گا اور کنٹرول لائن پر بھارتی افواج کو مؤثر جواب دیا جائے گا۔ احتجاج اور دھرنوں کی منفی سیاست نے ملک کو معاشی طور پر بڑا نقصان پہنچایا ہے، غیرملکی سربراہوں کے دورے بھی دھرنے والوں کی غیرسیاسی سوچ کی نذر ہو گئے حس سے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری سے محروم ہونا پڑا۔ گورنر پنجاب سے گفتگو کرتے  ہوئے وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا  کہ حکومت قومی معاملات پر سیاسی و جمہوری قوتوں میں ہم آہنگی کے فروغ کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ سیاسی استحکام اجتماعی کاوش کا تقاضا کرتا ہے۔ سیاسی مفاہمت اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے مل کر ساتھ چلنے کی ہر کوشش کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ ملک میں جب بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں سیاسی استحکام شروع ہوتا ہے اس کیخلاف سازشیں شروع ہو جاتی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کا واحد مقصد ترقی و خوشحالی کے ایجنڈے کی کامیابی ہے جس کے لئے سیاسی استحکام ناگزیر ہے۔ قومی معاملات پر سیاسی ہم آہنگی کو تقویت پہنچانے کی ہر کوشش کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ عوام نے مسلم لیگ (ن) کو 5 سال کیلئے حکومت کرنے کا مینڈیٹ دیا لیکن احتجاجی سیاست کرنے والے ہمیں عوام کی خدمت اور ان کے مسائل حل کرنے میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔ جمہوری قوتوں کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی پر کاربند رہیں گے۔ بہاولپور سے نامہ نگار کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف (آج) بدھ کو بہاولپور میں متاثرین سیلاب میں امدادی چیک تقسیم کرینگے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم آج بہاولپور میں موضع بختیاری میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرینگے اور متاثرین سیلاب میں امدادی چیک تقسیم کرینگے۔ وزیراعظم کی آمد کے پیش نظر انتظامیہ نے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں۔ علاوہ ازیں نواز شریف نے کہا ہے کہ بصارت سے معذور افراد کی دیکھ بھال اور انہیں روزمرہ زندگی کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لئے سہولیات اور مواقع فراہم کرنا ہمارا اخلاقی اور مذہبی فریضہ ہے، مخیر حضرات اور رضا کار تنظیمیں معاشرے کے اس کمزور طبقے کی مشکلات دور کرنے میں مدد کریں۔ انہوں نے یہ بات سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی۔

ای پیپر-دی نیشن