خیبر پی کے میں15 نومبر کو بلدیاتی الیکشن ہونگے، رائے ونڈ والوں کا بجلی بل ٹیکس سے ادا ہوتا ہے: عمران
اسلام آباد + سرگودھا (این این آئی+ نامہ نگار) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں بلدیاتی انتخابات ناگزیر ہیں عوام کو خود اپنی زندگی کے فیصلے کرنے کا حق ہے، بلدیاتی نظام اچھا ہوگا تو عوام براہ راست اقتدار میں ہونگے۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ بلدیات کے فنڈز ایم پی ایز اور ایم این ایز کو دے دیئے جاتے ہیں، بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے، عمران خان نے کہا کہ حکمران اور قبضہ مافیا مل کر عوام کا پیسہ کھا رہے ہیں۔ موجودہ حکومت نے ایک سال میں بجلی 80 فیصد مہنگی کر دی۔ حکمرانوں سے سوال کرنا عوام کا حق ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے پرسوں سرگودھا میں جلسے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سٹیج کا نظام وہ خود سنبھالیں گے۔ عمران خان نے کہاکہ عام انتخابات کے وقت ہماری رہنما زہرہ شاہدکو قتل کر دیا گیا تھا، ان کے قاتلوں کو منظر عام پر لایا جائے، چاہے ان قاتلوں کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو ان کی شناخت جاری کی جائے اور سخت سزا دی جائے، تا کہ انصاف کا نظام قائم ہو سکے۔ عمران خان نے کہاکہ 15 نومبر کو صوبہ خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات کروائیں گے، یہ شفافیت میں اپنی مثال آپ ہوں گے۔ کپتان نے اعلان کیا کہ پرسوں نوجوانوں کو خطاب کروں گا اور ایک اقبال کے شاہین کے موضوع پر خصوصی لیکچر دوں گا اس لئے میری ملک بھر کے طالب علموں اور نوجوانوں سے درخواست ہے ڈی چوک میں ہمارے دھرنے میں پہنچیں، میں اس کے لئے خاص تیاری کر رہا ہوں تاکہ نوجوانوں سے دل کی باتیں کروں اور انہیں بتاؤں کہ کیسے لیڈر بننا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاہتا تو بجلی کا بل ادا کر دیتا مگر یہ بل جلا دیا۔ اگر میں بل نہ جلاتا تو اس قیمت میں مزید اضافہ کر دیا جاتا اور غریب طبقہ پستا رہتا، خیر ہے بجلی کٹ گئی ہے تو کیا ہوا موسم اچھا ہو گیا ہے تاہم مجھے دکھ ہے کہ ایک بیوہ نے بجلی کا زیادہ بل آنے پر خودکشی کر لی ہے۔ عمران خان نے دعویٰ کیا کہ مزار قائد پر پیپلز پارٹی کے جلسے میں بھی ’گو نواز گو‘ کا نعرہ لگے گا۔ عمران خان نے کہا کہ رائے ونڈ والوں کا بجلی کا بل ٹیکس سے ادا کیا جاتا ہے۔ جن لوگوں کو 480 ارب روپے دئیے گئے ان کا آڈٹ کرایا جائے۔ سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق ضلعی انتظامیہ سرگودھا نے پی ٹی آئی کی مقامی قیادت کے اصرار پر 17 اکتوبر کے جلسہ کی سپورٹس سٹیڈیم میں اجازت دے دی۔ اس سلسلہ میں ڈی سی او سرگودھا ثاقب منان کی زیر صدارت کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی سی او نے جلسہ کے حوالے سے پی ٹی آئی کی ضلعی قیادت کو ایک تحریری معاہدہ کا ڈرافٹ دیا جو وہ باہمی مشاورت سے دستخط کر کے واپس جمع کروائیں گے۔ جس کے بعد ضلعی انتظامیہ جلسہ کی اجازت کا باضابطہ این او سی جاری کرے گی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ پی ٹی آئی کے کم از کم پانچ سو رضا کار مقامی پولیس کی سکیورٹی کے سلسلہ میں معاونت کریںگے۔ اجلاس میں لوڈ مینجمنٹ کے معاملات کیلئے بجلی کے متبادل نظام کیلئے پی ٹی آئی کی قیادت کو جنریٹر کے ذریعے بجلی کے تسلسل کو یقینی بنانے کیلئے انتظامات کرنے کی بھی ضرورت پر زور دیاگیا۔