آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے 19 رکنی ابتدائی سکواڈ کا اعلان
لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے ابتدائی19 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا حتمی15 رکنی سکواڈ کا اعلان چار روزہ پریکٹس میچ کے بعد کیا جائے گا۔ چیئرمین سلیکشن کمیٹی معین خان نے چیف کوچ وقار یونس اور کپتان مصباح الحق کے ساتھ مشاورت کے بعد19 کھلاڑیوں کے نام چیئرین پی سی بی شہر یار خان کو منظوری کیلئے بھجوائے تھے۔ جس میں مصباح الحق کو کپتان برقرار رکھا جبکہ جنید خان اور وہاب ریاض انجری مسائل اور عمر اکمل ناقص کارکردگی کی وجہ سے ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام ہو گئے۔ 19 رکنی سکواڈ میں احمد شہزاد‘ محمد حفیظ‘ توفیق عمر‘ شان مسعود‘ سمیع اسلم‘ مصباح الحق (کپتان) یونس خان‘ اسد شفیق‘ اظہر علی‘ حارث سہیل‘ محمد طلحہ‘ راحت علی‘ عمران خان‘ احسان عادل‘ عطاء اللہ‘ سرفراز احمد‘ ذوالفقار بابر‘ یاسر شاہ اور رضا حسن شامل ہیں۔ آسٹریلیا کے ساتھ دومیچوں کی ٹیسٹ سیریز 22 اکتوبر سے شروع ہو گی جبکہ اس سے قبل چار روزہ پریکٹس میچ 15 سے 18 اکتوبر تک شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔