منظور وٹو کے بعد بیلم حسنین، ثمینہ گھرکی پر بھی کڑی تنقید
لاہور (خبر نگار) پنجاب پییلز پارٹی کے صدر منظور احمد وٹو کے بعد پیپلزپارٹی پنجاب (خواتین) کی صدر بیگم بیلم حسنین اور لاہور پیپلزپارٹی کی صدر ثمینہ خالد گھرکی کو بھی پیپلزپارٹی کی خواتین عہدیداران کی کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کے عہدیداروں کی گذشتہ روز سابق صدر آصف زرداری کے ساتھ ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں 8 خواتین عہدیداروں نے تقریر کرنا تھی۔ مگر دو عہدیداروں صدر پیپلزپارٹی لاہور شعبہ خواتین رکن صوبائی اسمبلی فائزہ ملک اور صدر پیپلز پارٹی شعبہ خواتین فیصل آباد سابق ر کن صوبائی اسمبلی نورالنساء کی صدر پنجاب اور صدر پی پی پی لاہور کے خلاف تقریروں کے بعد تقریب کو 4 تقریروں پر نبٹا دیا گیا۔ فائزہ ملک نے اپنی تقریر میں آصف زرداری کو مخاطب کر کے کہا آپ چاہتے ہیں ہم کام کریں اور آپ اس پر سراہتے بھی ہیں مگر بدقسمتی سے ہماری تنظیم میں اچھے کام کو سراہنے کا کوئی رواج نہیں۔ جو چاہے کر لو حوصلہ بڑھانے کے لئے دو جملے بھی ادا نہیں کئے جاتے۔ نور النساء نے کہا وہ ورکرز کو اپنے ساتھ لیکر چلتی ہیں۔ مگر صدر پنجاب پیپلزپارٹی منظور احمد وٹو سے ملاقات کے بعد ان کو دھمکی د ی گئی ’’تم کس سے پوچھ کر ملنے گئیں، تمہیں دیکھ لیں گے‘‘۔ ان سے پوچھا گیا کس نے دھمکی دی تو انہوں نے آصف زرداری کے ساتھ بیٹھی بیگم بیلم حسنین کی طرف اشارہ کر دیا۔ اس موقع پر کچھ خواتین نے نور النساء کو بٹھانے اور منہ بند کرنے کی کوشش کی مگر انہوں نے بیلم حسنین کے خلاف دل کی بھڑاس نکال لی۔