سانحہ ملتان کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمشن تشکیل دیا جائے :خورشید شاہ
اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سانحہ ملتان کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمشن تشکیل دیا جائے۔پارلیمنٹ ہاوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ملتان میں ہونے والے تحریکِ انصاف کے جلسے کے ذمہ داروں کا تعین کا جانا چاہیے اور یہ بھی واضح ہونا چاہیے کہ آیا جلسے کی انتظامیہ اس واقعہ کی ذمہ دار ہے یا پھر ضلعی انتظامیہ۔ قائدِ حزبِ اختلاف کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف دوہرے معیار کی حامل ہے۔ ایک طرف الیکشن میں حصہ نہیں لے رہے دوسری طرف 'خرگوش کے نشان' کو بلے میں تبدیل کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔بھارت کے ساتھ کنٹرول لائن اور ورکنگ بانڈری پر پیش آنے والے واقعات پر ان کا کہناتھا کہ کنٹرول لائن کی صورتحال کے جائزے کے لیے بین الاقوامی مبصرین آنے چاہئیں۔ خورشید شاہ نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی چیف الیکشن کمشنر کے تقرر کے طریقہ کار کا جائزہ لے رہی ہے اور ہم یہ چاہتے ہیں نیا چیف الیکشن کمشنر انتخابی اصلاحات کے بعد آئے۔سید خورشید شاہ نے اس بات کا عندیہ دیا کہ سپریم کورٹ کے سامنے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری میں تاخیر کی وجوہات سامنے رکھی جائیں گی۔ خورشید شاہ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی طاقت ہیں اور بھارتی وزیراعظم کو موقع ملا ہے کہ پاکستان سے تعلقات بہتر بنائے۔ انہوں نے کہاکہ عدلیہ کا بے حد احترام کرتے ہیں، عدلیہ کے ہر حکم کی تکمیل کریں گے۔