حضرت عثمان غنیؓ کا یوم شہادت عقیدت و احترام سے منایا گیا، کئی شہروں میں ریلیاں
لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نمائندگان) خلیفہ راشد سیدنا حضرت عثمان غنی ؓ کا یوم شہادت ملک بھرمیں نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا، اس حوالے سے مختلف تنظیموں اور جماعتوں کی جانب سے مختلف شہروں میں ریلیاں، سیمینار اور خصوصی تقریبات منعقد کی گئیں جن میں خلیفہ سوئم سیدنا عثمان غنیؓ کی اسلام کیلئے خدمات پر روشنی ڈالی گئی۔ اہلسنت و الجماعت نے حضرت عثمان غنی ؓ کے فضائل و مناقب پر ملک بھر میں سیمینار اور ریلیوں کاانعقاد کیا۔ مقررین نے وطن عزیز میں نظام خلافت راشدہ کے نفاذ کے ساتھ خلفائے راشدین کے ایام ہائے وفات و شہادت پر سرکاری تعطیل کا مطالبہ کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ سیرت حضرت عثمان غنیؓ ملک میں امن کے قیام کیلئے مشعل راہ ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں دھرم پورہ انڈرپاس تا پریس کلب تک مدح صحابہؓ مطالباتی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت اہلسنت والجماعت لاہور کے صدر مولانا حسین احمد نے کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سیرت حضرت عثمان غنی ؓ ملک میں قیام امن کے لئے مشعل راہ ہے۔ حضرت عثمان غنیؓ کاتب وحی اور مسلمانوں کے خلیفہ ثالث ہیں۔ حضرت عثمان غنی ؓ کی سخاوت مثالی تھی۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ خلفائے راشدینؓ کے ایام پر سرکاری تعطیل کا اعلان کیا جائے۔ ریلی میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ ریلی سے مولانا اکرم عثمانی، مولانا عبیداللہ طاہر، مولانا ارشد عثمانی سمیت دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق حضرت سیدنا عثمان غنیؓ کے یوم شہادت کے موقع پر اہلسنت والجماعت کے زیر اہتمام ایک ریلی فیصل پلازہ سے نکالی گئی جس کی قیادت مولانا عبدالشکور ڈوگر، رانا جمشید تبسم، ملک اختر، جاوید چیمہ،حاجی نزیر احمد، مولاناعادل شیر فاروقی نے کی۔ ریلی شہر کی مختلف شاہرائوں سے ہوتی ہوئی فوارہ چوک میں اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر شرکاء ریلی نے حضرت سیدنا عثمان غنیؓ کے یوم شہادت کو سرکاری سطح پر منانے اور اس موقع پر عام تعطیل کا مطالبہ کیا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ دائود رضوی نے کہا کہ خلیفہ سوم حضرت عثمانؓ کا دورِ خلافت مسلمان حکمرانوں کیلئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتا ہے، آپکے نقش قدم پر چل کر مسلم اُمہ اپنی کھوئی ہوئی عظمت دوبارہ بحال کر سکتی ہے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق کراچی میں اہلسنت و الجماعت کی جانب سے لسبیلہ سے تبت سنٹر تک ریلی نکالی گئی جس میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اہلسنت و الجماعت کے مرکزی رہنما علامہ اورنگ زیب فاروقی نے شرکاء سے خطاب میں مطالبہ کیا کہ حضرت عثمان غنیؓ سمیت چاروں خلفائے راشدین کے یوم وفات پر عام تعطیل کا اعلان کیا جائے۔