کرپٹ نظام ختم کر دیں گے: طاہر القادری3 روزہ دورے پر جھنگ پہنچ گئے
جھنگ + اٹھارہ ہزاری+گڑھ مہاراجہ (نامہ نگاران) ڈاکٹر طاہر القادری ضلع جھنگ کے سیلاب متاثرین سے اظہار ہمدردی و یکجہتی کے لئے تین روزہ دورے پر جھنگ پہنچ گئے۔ چنیوٹ موڑ پر منہاج القرآن اور عوامی تحریک کے ضلعی رہنمائوںاور کارکنوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ جن میںضلعی جنرل سیکرٹری اظہر حسین کاظمی، انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے عمار کاظمی، حسنین نول، مزدور یونین رہنما چودھری اکبر جٹ، ملک قاسم، مصطفوی فورس پیر پٹھان ، سنی اتحادکونسل، سنی تحریک، انجمن طلباء اسلام، ماہنی شریف سجادہ نشین، پٹھان اتحاد ایسوسی ایشن، مدنی فورس، ضلعی صدر عوامی تحریک رائو انعام الحق، ضلعی امیر منہاج القرآن غلام سرور قادری، انیس انصاری کے علاوہ کارکنوں اور عوام کی بڑی تعداد نے استقبالیہ میں شرکت کی۔ ایوب چوک پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ جس طرح جھنگ میں میرا جوش و خروش سے استقبال کیا گیا اس کی نظیر نہیں ملتی۔ آپ انقلاب کی تیاری کریں میں جھنگ میں دوبارہ آئوں گا۔ جھنگ میں انقلاب آئے گا جاگیردارانہ نظام ختم ہوگا ، سرمایہ دارانہ غنڈہ گردی کا نظام ختم ہوگا، جھنگ انشاء اللہ بدلے گا۔ جلوس کے شرکاء نے کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر گو نواز گو اور گو نظام گو کے نعرے درج تھے۔ بعدازاں بڑے جلوس کی شکل میں طاہر القادری سیلاب متاثرین میں امداد کی تقسیم کے سلسلہ میں اٹھارہ ہزاری چلے گئے۔ اٹھارہ ہزاری آمد پر مولانا سلیم قادری، محمد حیات، میاں محمد صدیق کی قیادت میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے طاہر القادری کا استقبال کیا۔ اس موقع پر کارکنوں نے گو نواز گو کے نعرے لگائے۔ طاہر القادری نے گاڑی میں بیٹھے ہی مختصر خطاب میں کہا کہ پورے ملک کا نظام بدلیں گے، حکمرانوں نے جس طرح عوام کو سیلاب میں ڈبویا ہے عوام انہیں ڈبو دیں گے اور اس کرپٹ نظام کا خاتمہ کریں گے۔ قبل ازیں فیصل آباد سے روانگی پر طاہر القادری نے کہا ہے کہ حکومت اور فوج ایک پیج پر تو کیا ایک بک میں بھی نہیں ہیں، بھارتی گولہ باری کے جواب میں وزیراعظم نے بہت کمزور بیان دیا ہے۔ بھارت کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کی جا رہی ہے مگر وزیراعظم سب کچھ برداشت کر رہے ہیں۔گڑھ مہاراجہ میں متاثرین سے خطاب میں طاہر القادری نے کہا کہ قائداعظم کے خواب کے تکمیل ہی میرا اور عوام کا انقلاب ہے، قائداعظم کے پاکستان میں لٹیروں کے نظام بدلنے کیلئے عوام مجھے آئندہ انتخابات میں دو تہائی اکثریت دیں گے تو لٹیروں کے حرام کی دولت سے چہروں کی سرخیاں غریبوں کو لوٹا دوں گا۔ گو نواز گو کا نعرہ غریبوں، کسانوں اور مزدورں کا نعرہ نہیں بلکہ آئندہ جنم لینے والا ہر بچہ رونے کی بجائے گو نواز گو کا نعرہ لگائے گا۔ عوامی تحریک آئندہ بلدیاتی انتخابات میں کلین سویپ کرے گی اور جھنگ کی ہر نشست ناقابل تسخیر ہو گی۔ انہوں نے پنجابی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نظام کیلئے لڑیں اور اکٹھے ہو جائیں تو میں لٹیروں کو چوہے بلی کی طرح بھگا دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے 240ارب کا نقصان ہوا ہے اور کسانوں کیلئے صرف 4ہزار روپے امداد کا اعلان باعث شرم ہے۔ تقریب سے ضلعی صدر صاحبزادہ سلطان محمد مشتاق سالم، عطاء المحسن ندیم، امتیاز شیزازی نے بھی خطاب کیا۔