این اے149 ملتان: ووٹنگ کل ہو گی،106 پولنگ سٹیشن انتہائی حساس قرار
ملتان (نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں) حلقہ این اے 149 ملتان کے ضمنی انتخابات کے لئے پولیس نے سکیورٹی پلان جاری کر دیا۔ پولنگ کل ہو گی۔ اس موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق حلقہ میں 106پولنگ سٹیشنز کو انتہائی حساس اور 97کو حساس قرار دے دیا گیا، اندرون شہر کے تمام پولنگ سٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دے دیا گیا ہے، 4561 پولیس اہلکار خدمات سر انجام دینگے۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے رینجرز کو بھی طلب کیا جا سکتا ہے۔ دریں اثناء الیکشن کمشن نے این اے 149کے حوالے سے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا۔ ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ پولنگ سٹیشن سے 400گز کے اندر ووٹر کو رشوت، دھمکی اور ترغیب، انتخاب کے روز اسلحہ کی نمائش پر بھی پابندی ہو گی۔ حلقہ میں فوج تعینات کرنے کی درخواست مسترد کر دی گئی ہے۔ الیکشن کمشن ذرائع کے مطابق حلقے میں پہلے سے رینجرز تعینات کی جا رہی ہے فوج کی ضرورت نہیں، فوج تعینات کرنے کی درخواست ایک آزاد امیدوار کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔ انتخابات کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور بیلٹ باکس سمیت دیگر ضروری سامان گورنمنٹ ایمرسن کالج پہنچا دیا گیا ہے۔ حلقہ میں کل سات سو چوہتر پولنگ بوتھ قائم کئے جائیں گے جبکہ حلقے میں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد تین لاکھ اکتالیس ہزار پانچ سو ستائیس ہے۔ ڈی سی او کے مطابق کل ایک روز کیلئے دفعہ 144 نافذ ہو گی۔