مریم نواز کی چیئرپرسن یوتھ لون سکیم تعیناتی، لاہور ہائیکورٹ میں فل بنچ تشکیل دینے کی استدعا مسترد
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز شریف کی بطور چیئرپرسن یوتھ لون سکیم تعیناتی کیخلاف درخواست کی سماعت کیلئے فل بنچ تشکیل دینے کی استدعا مسترد کر دی، سنگل بنچ ہی 22 اکتوبر کو مریم نواز کی تعیناتی کیخلاف درخواست کی سماعت کریگا۔ لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے شہری زبیر نیازی کی طرف سے دائر متفرق درخواست پر سماعت شروع کی تو درخواست گزار کے وکیل شیراز ذکا نے موقف اختیار کیا وزیر اعظم نواز شریف نے سپریم کورٹ کے فیصلے اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی بیٹی مریم نواز کو یوتھ لون سکیم کی چیئرپرسن تعینات کر دیا ہے، سپریم کورٹ خواجہ آصف کیس میں طے کر چکی ہے کہ اہم عہدوں پر تعیناتیاں شفاف طریقے سے کی جائیں گی مگر مریم نواز کی تعیناتی کیلئے اخبار میں اشتہار دیا گیا نہ ہی قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھا گیا۔ درخواست گزار نے استدعا کہ یوتھ لون سکیم میں عوام کے اربوں روپے کا معاملہ ہے لہذا عوامی مفاد کے تحت اس درخواست کی سماعت کیلئے فل بنچ تشکیل دینے کا حکم دیا جائے، عدالت نے فل بنچ تشکیل دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ یہ اتنا اہم معاملہ نہیں کہ اس پر فل بنچ تشکیل دیا جائے۔