• news

قائمہ کمیٹی کا اجلاس، وزیر خزانہ کی عدم شرکت پر رشید گوڈیل اور عمر ایوب میں جھڑپ

اسلام آباد ( آئی این پی ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق  ڈار اور سیکرٹری خزانہ کی عدم شرکت پر ایم کیو ایم کے رکن رشید گوڈیل اور چیئرمین عمر ایوب میں شدید جھڑپ ہوگئی۔ رشید گوڈیل نے کہا کہ وزیر خزانہ قائمہ کمیٹی کے کسی اجلاس میں شریک نہیں ہوئے، وہ پارلیمنٹ کو اہمیت نہیں دیتے، قائمہ کمیٹی نے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے چیئرمین اور کمشنرز کی عدم تعیناتی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے قائمقام چیئرمین طاہر محمود نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر کی تین کمپنیوں کو کوئی رعائت نہیںدی، اگر کرپشن ثابت ہوجائے تو ہر سزا بھگتنے کو تیار ہوں۔ منگل کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ، ریونیو، اقتصادی امور، شماریات و نجکاری کا اجلاس چیئرمین عمر ایوب کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس شروع ہوتے ہی ایم کیو ایم کے رکن رشید گوڈیل نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور سیکرٹری خزانہ کی اجلاس میں عدم شرکت پر شدید اعتراض کیا۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ وزیر خزانہ اور سیکرٹری خزانہ امریکہ کے دورے پر گئے ہوئے ہیں۔ سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے قائمقام چیئرمین طاہر محمود نے کہا کہ قواعد کی خلاف ورزی پر 884 کمپنیوں کے خلاف ایکشن لیاگیا جن میں 500 کمپنیاںکارپوریٹ سیکٹر کی ہیں۔ اجلاس میں چیئرمین عمر ایوب، پیپلز پارٹی کے رکن سید نوید قمر نے کہا کہ ڈیڑھ سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود ایس ای سی پی کا نہ تو چیئرمین بن سکا نہ ہی کمشنرز کی تقرری عمل میں لائی گئی۔ اس معاملے پر قائمہ کمیٹی نے شدید تحفظات کا اظہار کیا جبکہ وزارت خزانہ کے حکام اس معاملے پر کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔

ای پیپر-دی نیشن