کامران مائیکل، ہری رام 2018ء تک سینیٹرز رہیں گے، الیکشن کمشن کا قرعہ اندازی کے ذریعے فیصلہ
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز + اے پی پی) الیکشن کمشن نے قرعہ اندازی کے ذریعے اقلیتی ارکان کی سینٹ کی مدت کا فیصلہ کردیا۔ الیکشن کمشن کے مطابق کامران مائیکل اور ہری رام 2018ء تک سینیٹر رہیں گے۔ سینیٹر ہیمن داس اور سینیٹر امر جیت 11 مارچ 2015ء کو ریٹائر ہوں گے۔ ان دونوں سینیٹرز کی مدت 3 جبکہ کامران مائیکل اور ہری رام 6 سال تک سینیٹرز رہیں گے۔ دریں اثناء سینٹ میں اقلیتی اراکین کی مدت کے لئے قرعہ اندازی کا عمل پارلیمنٹ ہائوس کی کمیٹی روم نمبر 2 میں قائمقام الیکشن کمشنر جسٹس انور ظہیر جمالی کی زیر نگرانی مکمل ہوا۔ اس موقع پر سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان، سینٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق، عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹرز زاہد خان، سینیٹر ہیمن داس، سینیٹر امرجیت اور سینیٹر ہری رام کے علاوہ قائمقام سیکرٹری سینٹ حسن خان جبکہ الیکشن کمیشن اور سینٹ کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔ سینیٹر کامران مائیکل بیرون ملک ہونے کی وجہ سے قرعہ اندازی کے عمل میں شرکت نہ کر سکے۔